Thursday, April 25, 2024
Homesliderسرکاری اسکولوں کے معیار کو بلند کرنے کےلئے 2 ہزار کروڑ روپئے

سرکاری اسکولوں کے معیار کو بلند کرنے کےلئے 2 ہزار کروڑ روپئے

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ اپنے بچوں کی بہتر تعلیم کے منصوبہ کے ساتھ ہی والدین کے ذہن میں شہر کے بہترین لیکن خانگی اسکولوں کی فہرست گشت کرنے لگتی ہے کیونکہ خانگی اسکولوں میں سرکاری اسکولوں کی بہ نسبت زیادہ بہتر انفراسٹرکچر ہوتا ہے جبکہ سرکاری اسکولوں کی اکثریت ایسی ہوتی ہے جہاں پانی ،بجلی اور بیت الخلاجیسی بنیادی سہولیات ہی نہیں ہوتی ہیں ، اسی لئے والدین اپنے بچوں کو بہتر سے بہتر خانگی اسکولوں میں داخلہ کرواتے ہیں لیکن شاید مستقبل قریب میں یہ رجحان بدل جائے گا کیونکہ تلنگانہ حکومت نے سرکاری اسکولوں کو خانگی اور کارپوریٹ اسکولوں کی طرز پر ترقی دینے کےلئے کئی ایک اقدامات شروع کرچکی ہے ۔

تلنگانہ حکومت نے کارپوریٹ  اداروں  کے برابر اسکولوں میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور اس مقصد کے لئے 2 ہزار کروڑ روپے مختص کرنے کے فیصلے کے بعد  متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت نامے کو حتمی شکل دینے کی ہدایت دی ہے۔ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے ایک اجلاس منعقد کیا جس میں ایم اے اینڈ یو ڈی وزیر کے ٹی راما راؤ ، وزیر خزانہ ہریش راؤ ، وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی ، پنچایت راج کے وزیر ایرا بیلی ڈائیکر راؤ ، اور متعلقہ عہدیدار شریک ہوئے۔ ذیلی کمیٹی نے سرکاری اسکولوں کی ترقی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں عہدیداروں سے سوال کیا اور بتایا کہ چیف منسٹر  کے چندر شیکھر راؤ کا مقصد کے جی سے پی جی تک معیاری تعلیم مفت فراہم کرنا ہے۔

 تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ریاستی حکومت نے معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے متعدد انوکھے اقدامات اٹھائے ہیں۔ وزراء نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کی بہتری کے لئے مزید کمرے ، نئی عمارتیں ، پینے کا پانی ، ڈیجیٹل کلاس رومز اور دیگر بنیادی ڈھانچے مہیا کیے جائیں گے۔یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ عوام کے ذہنوں میں یہ غلط فہمی بس گئی ہے کہ سرکاری اسکولوں میں خانگی اسکولوں سے بہتر تعلیم نہیں ہوتی لیکن سرکاری اسکولوں  کے اساتذہ کی تعلیمی قابلیت خانگی اسکولوں کے اساتذہ  سے کہیں زیادہ بہتر ہوتی ہے ،جیسا کہ خانگی اسکولوں میں جہاں کم تنخواہوں پرکم تعلیم یافتہ افراد کو ٹیچر بنادیا جاتا ہے وہیں سرکاری اسکولوں میں بنیاد تعلیم میں بھی ڈگری ، بی ایڈ کو لازمی قرار دیا جاتا ہے۔