Thursday, April 24, 2025
Homesliderسرکاری اور خانگی دواخانوں میں غیر کورونا مریضوں کے علاج کی تیاریاں

سرکاری اور خانگی دواخانوں میں غیر کورونا مریضوں کے علاج کی تیاریاں

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد: محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ کی جانب سے سرکاری اور خانگی دواخانوں میں غیر کورونا مریضوں کے علاج کو دوبارہ شروع کرنے کے تمام تر انتظامات کئے جارہے ہیں کیونکہ ریاست میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن کم ہوتی جارہی ہے لہذا طبی خدمات جو پچھلے چھ ماہ سے مفلوج ہیں وہ بہت جلد لوگوں کے فائدے کے لئے دوبارہ شروع ہوجائیں گی۔

 کورونا وائرس پھیلنے کے بعد علاج کے لئے دواخانوں میں جانے والے لوگوں کی تعداد کم ہوگئی ہے۔ دواخانوں میں صرف کورونا مثبت ، حاملہ خواتین ، شدید قلبی پیچیدگیوں کا شکار اور سڑک حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کا علاج کیا جارہا ہے  جبکہ ان کے علاوہ  دوسروں  افراد  کو ایک انتظار اور نگاہ رکھنے والا رویہ اختیار کرنا پڑرہا  ہے  یا پھر  انہیں اپنا علاج ملتوی کرنا پڑا ہے ۔

 محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ کے عہدیداروں کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے مناسب احتیاطی تدابیر پرعمل کے ساتھ معطل خدمات کو دوبارہ شروع کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں کووڈ کے لئے مختص بیڈز کو کم کیے بغیر دوسرے وارڈوں میں مکمل پیمانے پر علاج شروع کرنے  کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سرکاری شعبے میں 22 ٹیچنگ  اسپتالوں اور ان سے وابستہ صحت کی سہولیات ، 100 علاقائی دواخانوں ، ضلعی دواخانوں ، معاشرتی صحت مراکز میں بستر کی کل تعداد 22 ہزار ہے۔ تاہم سرکاری دواخانوں میں8,868  بسترکوڈ مریضوں کے علاج کے لئے مخصوص کردیئے گئے ہیں۔

میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز تک کوویڈ مریض صرف 25 فیصد بستروں میں ہی علاج کروا رہے ہیں۔ 230 خانگی  دواخانوں میں مختص 9484 بیڈوں میں سے صرف 34 فیصد بستر ہی پُر ہیں۔ سرکاری شعبے میں 70 فیصد بستر خالی ہیں۔ کوویڈ 19 کے کل مریضوں میں سے 80 فیصد گھر میں  الگ تھلگ رہے کر علاج کرواتے ہیں۔ صرف وہی لوگ جن کی دائمی علامت ہوتی ہے وہ ہی دواخانہ میں داخلے کے خواہاں ہیں۔ دریں اثنا  دواخانوں میں مرحلہ وار  انداز میں  تمام دواخانوں میں کورونا  مریضوں کے بعد اب  غیر کورونا مریضوں کا علاج دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ میڈیکل عملہ کو تقسیم کیا جائے گا اور کوویڈ اور غیر کوویڈ علاج کے لئے انہیں خدمات فراہم کی جائیں گی ۔

 محکمہ صحت کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق گاندھی ہاسپٹل جو کہ تلنگانہ کا کوویڈ نوڈل مرکز ہے اس  میں مریضوں کےلئے  آوٹ پیشنٹ خدمات اور دیگر طبی خدمات کا مرحلہ وار دوبارہ آغاز کیا جائے گا۔ بہت سے خانگی دواخانوں نے کوویڈ کے مریضوں کےلئے قرنطینہ کے بستروں کو کم کردیا ہے اور انھیں انتہائی نگہداشت کے یونٹوں (آئی سی یو) میں اضافہ کیا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ خانگی دواخانوں کے الگ تھلگ وارڈوں میں 3000 سے زیادہ بستر ایک ماہ کے عرصے میں کم کئے  جاچکے ہیں۔