ممبئی ۔ بالی ووڈکی چاندنی سری دیوی کی موت کے متعلق اب ایک نیا انکشاف کیا گیا ہے کہ ان کی موت نہیں قتل ہے ۔ سری دیوی فروری 2018 میں دبئی کے ایک ہوٹل میں زیادہ شراب نوشی کرنے کے بعد نہانے کے دوران باتھ ٹب میں ڈوب کر ہلاک ہوئی تھیں۔سری دیوی کی اچانک موت پر ہندوستان اور عرب میڈیا میں کئی باتیں ہوئی تھیں اور شائقین کو کسی طرح یہ یقین نہیں آیا تھا کہ وہ اچانک کیسے چل بسیں؟ابتدائی طور پر خبریں سامنے آئی تھیں کہ ان کی موت حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوئی، تاہم بعد ازاں پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان کی موت باتھ ٹب میں نہانے کے دوران ڈوبنے سے ہوئی۔
سری دیوی کی اچانک موت کے بعد دبئی پولیس نے بھی ان کے قتل کی تحقیقات کی تھیں اور محض 3 دن بعد تحقیقات کو مکمل کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ اداکارہ کی موت حادثاتی طور پر باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی۔دبئی پولیس کے مطابق سری دیوی نے مرنے سے قبل بہت شراب نوشی کی تھی، اس لئے نہانے کے دوران وہ بے ہوش ہوگئیں اور باتھ ٹب میں ڈوب کر ہلاک ہوئیں۔دبئی پولیس نے سری دیوی کے قتل کیس کی تحقیقات بند کرتے ہوئے ان کے شوہر بونی کپور سمیت دیگر افراد کو ہر طرح کی تحقیق سے آزاد قرار دیا تھا۔سری دیوی کی حادثاتی موت پر اگرچہ ہندوستانی میڈیا اور شوبز شخصیات پہلے بھی چہ مگوئیاں کرتی آ رہی ہیں، تاہم اب ایک اعلیٰ پولیس عہدیدار نے بھی کہا ہے کہ انہیں منظم منصوبہ بندی سے قتل کیا گیا۔
جنوبی ریاست کیرالہ کے اخبار کیرالہ کمنڈی کے مطابق ریاستی جیل کے ڈی جی پی رشی راج نے کہا ہے کہ انہیں اپنے آنجہانی سرجن دوست نے بتایا تھا کہ اس بات کے ثبوت موجود ہیں کہ سری دیوی کو قتل کیا گیا۔ڈی جی پی نے اخبار میں لکھے گئے مضمون میں دعویٰ کیا کہ انہیں ان کے سرجن دوست ڈاکٹر عمادہاتن نے کہا کہ اب تک کے سامنے آنے والے ثبوتوں سے یہ بات درست طور پر ثابت نہیں ہوتی کہ سری دیوی کی موت حادثہ تھی۔ پولیس افسر نے اپنے آنجہانی دوست ڈاکٹر کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ایسی کئی باتوں کی نشاندہی کی جن کی مزید تفتیش سے یہ ثابت ہوسکتا تھا کہ سری دیوی کو منظم منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا۔انہوں نے مضمون میں انکشاف کہ انہوں نے اور ڈاکٹر عمادہاتن نے کئی مشکل مقدمات کو مل کر حل کیا اور سری دیوی کے قتل کے مقدمہکے سامنے آنے والے ثبوتوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ انہیں منظم منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا۔
ڈی جی پی رشی راج سنگھ نے کسی مستند ثبوت کا حوالہ دیے بغیر مفروضوں کی بنیاد پر دعویٰ کیا کہ ان کے خیال میں سری دیوی کو منظم منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا۔سری دیوی کی پر اسرار ہلاکت پر پہلے بھی پولیس عہدیدار اور جاسوس یہ کہ چکے ہیں کہ انہیں منظم منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا تھا۔رواں برس مئی میں دہلی کے ایک جاسوس ادارے میں تفتیشی عہدیدارکی خدمات انجام دینے والے سابق پولیس عہدیدار نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ سری دیوی کو منظم منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا۔ سابق پولیس عہدیدار نے بھی دبئی پولیس کی جانب سے جلد بازی میں تحقیق کو بند کرنے اور اداکارہ کے موت کو مستند ثبوتوں کے بغیر حادثاتی قرار دیے جانے پر کئی سوالات اٹھائے تھے اور دلیل دی تھی کہ کس طرح سری دیوی کی پر اسرار موت منظم منصوبہ کے تحت ہوئی۔