کولمبو ۔ سری لنکائی کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی اور ساتھ ہی سری لنکا کی وزارت دفاع نے کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے کی اجازت دے دی ہے۔سری لنکا کرکٹ کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا نے کہا کہ وزارت دفاع نے دورہ پاکستان کے حوالے سے ٹیم پاکستان بھیجنے کی اجازت دے دی۔ انہوں نے کہا کہ دورہ منصوبہ بندی کے تحت ہی ہو گا، مجھ سمیت چند عہدیدار بھی ٹیم کے ہمراہ پاکستان جائیں گے۔
گزشتہ ہفتے سری لنکائی ٹیم کو دورہ پاکستان کی صورت میں دہشت گرد حملے کی دھمکی کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں جس کے بعد یہ دورہ برف دان کی نذر ہوتا دکھائی دے رہا تھا۔اس موقع پر حکومت پاکستان نے معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے سری لنکن بورڈ کو فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد اس دورے کی راہ ہموار ہوئی۔یاد رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنکائی ٹیم پر لاہور میں کیے گئے دہشت گردی کے حملے کے بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔ اس حملے میں 6 پاکستانی پولیس عہدیدار اور دو شہری جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ سری لنکائی ٹیم کے کھلاڑی اور میچ عہدیدار زخمی بھی ہوئے تھے۔
اس حملے کے 8 سال بعد سری لنکن ٹیم پاکستان میں ٹی20 میچ کھیلنے راضی ہوئی اور اکتوبر 2017 میں پاکستان آ کر ٹی20 میچ کھیلا تھا۔ گزشتہ ماہ ڈی سلوا نے پاکستان کی جانب سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سیکیورٹی ماہرین کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا تھا۔موہن ڈی سلوا نے کہا کہ پاکستان نے ہماری ٹیم کو سربراہ مملکت سطح کی سیکیورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کے سبب سری لنکائی ٹیم کے 10 اہم کھلاڑی پہلے ہی دورہ پاکستان سے انکارکر چکے ہیں۔
سری لنکائی ٹیم پہلے ہی دورہ پاکستان کے لیے ونڈے اور ٹی20 اسکواڈز کا اعلان کر چکی ہے۔ سری لنکن ٹیم پاکستان آمد کے بعد 27 ستمبر کو پہلا ونڈے میچ کراچی میں کھیلے گی جس کے بعد سیریز کے باقی ونڈے میچز بالترتیب 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی20 میچ 5 اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا جس کے بعد باقی دونوں میچز کی میزبانی کی بھی قذافی اسٹیڈیم 7 اور 9 اکتوبر کو کرے گا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سری لنکا کی سیریز کی تیاری کاکام شروع ہوگیا ہے۔کراچی میں تین ونڈے میچوں کے لئے دو پچوں کی تیاری کا کام جاری ہے۔