بنگلورو۔22 مارچ : سعودی عرب کا سفر کرنے والے مسافرین کو اکثر یہ شکایت رہتی ہے کہ ایرپورٹ پر ان کا سامان تبدیل ہو گیا ہے اور کسی اور کا سامان انہیں تھما دیا گیا ہے لیکن ایک انوکھے واقعہ سامنے آیا ہے جس میں سامان کی بجائے اپنے مرحوم بیٹے کی لاش ہی تبدیل ہو گئی جبکہ بیٹے کی لاش کی جگہ انہیں ایک سری لنکائی خاتون کی لاش ملی ہے۔
یہ انوکھا واقعہ کیرلا کے مقام کوننی میں پیش آیا ۔ تفصیلات کے موجب 30 سالہ رفیع جو کہ سعودی عرب کی ایک کمپنی میں ملازم تھا اس کی 28 فروری کو قلب پر حملے کی وجہ سے موت واقع ہو گئی ۔ لواحقین نے جب اس کی تدفین کے وقت کافن کھولا تو اس میں ان کے بیٹے کی لاش کی بجائے کسی خاتون کی لاش تھی جس پر انہوں نے کوننی سرکل انسپکٹر کو مطلع کیا ۔
ابتدائی تحقیق کے بعد معلوم ہوا کہ سعودی عرب کی ایرپورٹ میں کارگو سیکشن میں غلطی کی وجہ سے سری لنکا کی یہ خاتون کی لاش کیرلا پہنچ گئی جبکہ سری لنکا سے تعلق رکھنے والی خاتون کے علاوہ یہاں کے مقامی افراد نے بھی اس طرح کی پولیس میں شکایت درج کی کہ انہیں دوسرے شخص کی لاش دی گئی ہے۔ کوچی ایرپورٹ پر جو لاش 20 مارچ کو لائی گئی تھی وہ ایک سری لنکائی خاتون کی تھی اب پولیس سری لنکا کی خاتون کی لاش کو اس کے ملک روانہ کرتے ہوئے رفیع کی نعش کو جتنا جلد ہوسکے منتقل کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔