Sunday, May 11, 2025
Homeبین الاقوامیسعودی عرب میں سب سے بڑے قرآن کا سنگ مرمر ماڈل نصب...

سعودی عرب میں سب سے بڑے قرآن کا سنگ مرمر ماڈل نصب کرنے کی تیاریاں

- Advertisement -
- Advertisement -

ریاض ۔ سعودی عرب میں آئے دن کچھ نہ کچھ نیا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور اب  قرآن پاک کا سب سے بڑا سنگ مر مر کا ماڈل نصب کرنے کا اعلان ہوا ہے  اور  یہ ماڈل  36 میٹر اونچا ہے۔ سنگ مر مر کے پانچ میناروں میں قرآن پاک کی آیات کندہ ہیں۔تفصیلات  کے مطابق ایک عرصے سے یہ سوال موجود تھا کہ دنیا بھر میں قرآن پاک کا سب سے بڑا ماڈل کہاں نصب کیا جائے؟۔ اس حوالے سے یہ تو طے تھا کہ یہ ماڈل مقدس شہر مکہ مکرمہ میں نصب کیا جائے گا۔
مکہ مکرمہ میں اس حوالے سے تین مقامات تجویز کئے گئے تھے۔ تیسرے سرکلر روڈ سے متصل مکہ جدہ شاہراہ کا چوراہا ، دوسرا الحسینیہ پارک اور تیسرا المسفلہ میں الضلع الغربی کا میدان شامل تھا۔قرآن پاک کا سب سے بڑا عالمی ماڈل الحمراءکے قریب تیسرے سرکلر روڈ سے متصل جدہ مکہ شاہراہ کے چوراہے پر نصب کرنے کا قوی امکان ہے۔ اس منصوبے پر عمل درآمد آئندہ دو ماہ کے اندر شروع کر دیا جائے گا۔ کنکریٹ کے 5 ستونوں میں ٹائلزلگائے جائیں گے 12ماہ تک ماڈل کی تنصیب کا مرحلہ مکمل ہوگا ا ور یہ دور دور سے نظر آئے گا۔

 قرآن کریم کے سب سے بڑے ماڈل کی کہانی کب اور کہاں سے شروع ہوئی ؟ ۔کب اور کس طرح سنگ مر مر کو تراش کر قرآن کریم نقش کیا گیا ۔ اس حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ اسکندریہ یونیورسٹی میں فنون جمیلہ کالج کے ڈین فنکار پروفیسر محمد شاکرنے تین برس قبل اپنے طلبہ کو یہ ذمہ داری تفویض کی تھی۔ انہیں ہدایت دی گئی تھی کہ وہ 600 برس پرانے سنگ مر مر پر قرآن پاک نقش کریں۔ اسکندریہ یونیورسٹی میں فنون جمیلہ کے طلبہ نے یہ کا م احسن شکل میں انجام دیا ۔ اس طرح دنیا میں قرآن پاک کا سب سے بڑا ماڈل تیار ہوگیا۔

 جدہ کے سابق میئر نے یہ ماڈل خرید کر چند برس قبل مکہ مکرمہ میونسپلٹی کو تحفے کے طور پر پیش کردیا تھا۔ تب سے یہ میونسپلٹی کے گودام میں رکھا ہوا ہے۔قرآن پاک کا یہ ماڈل سنگ مر مرکے پانچ ستونوں کا مجموعہ ہے۔ ہر ایک کا رقبہ 2X2میٹر ہے۔ کنکریٹ کا اسٹینڈ بنانے پر اس کی اونچائی 36میٹر ہوجائے گی۔ اس کی چوڑائی24میٹر ہے۔اسے لفظ الجلالہ کی شکل پر بنایا گیا ہے۔ الجلالہ اللہ کے ناموں میں سے ایک ہے۔