Sunday, May 11, 2025
Homeبین الاقوامیسعودی عرب میں ہندوستان کے ہنرمندوں کا پروفیشن ٹسٹ ہوگا

سعودی عرب میں ہندوستان کے ہنرمندوں کا پروفیشن ٹسٹ ہوگا

- Advertisement -
- Advertisement -

   ریاض ۔ سعودی وزارت محنت و سماجی بہبود کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے ماہرین کے لئے ٹسٹ رکھا گیا ہے اور پروفیشن ٹسٹ پروگرام کے ڈائریکٹر نایف العمیر کے مطابق پروفیشن ٹسٹ ایک سال تک اختیاری ہوگا۔ اس میں مزید توسیع ہوسکتی ہے۔ سعودی عرب کے اخبار الاقتصادیہ کی رپورٹ کے مطابق پروفیشن ٹسٹ چار مرحلوں میں 7 ممالک کے ہنر مندوں کا ہوگا۔ پہلے مرحلے کا آغازہندوستان سے آنے والے ہنر مندوں سے کیا جائے گا۔ سعودی عرب میں سب سے زیادہ ہنر مند ہندوستان  ہی سے آرہے ہیں۔مملکت آنے والے 95 فیصد ہنر مندوں کا تعلق فلپائن، سری لنکا، انڈونیشیا، مصر ،بنگلہ دیش، پاکستان اور ہندوستان سے ہے۔

دوسرے مرحلے میں فلپائن کے ہنر مندوں کا پروفیشن ٹسٹ لیا جائے گا۔ تیسرے اور چوتھے مرحلوں میں سری لنکا، انڈونیشیا، مصر، بنگلہ دیش اور پاکستان کے ہنر مندوں کو شامل کیا جائے گا۔پروفیشن ٹسٹ پروگرام کی فیس 450 سے 600 ریال مقرر ہے۔ یہ فیس سعودی عرب میں ٹسٹ دینے والوں کے لیے متعین کی گئی ہے۔ بیرون مملکت پروفیشن ٹسٹ کی فیس 100 سے 150 ریال رکھی گئی ہے۔ نایف العمیر نے اس سوال پر کہ پروفیشنل ٹسٹ کن پیشوں والے ہنر مندوں کا ہوگا کہا ہے شروعات دسمبر 2019 میں پلمبر اور الیکٹریشن پیشوں والے ہنر مندوں سے کی جائے گی۔جائزے کے مطابق سعودی مارکیٹ میں پلمبر اور الیکٹریشن کے پیشوں پر کام کرنے والوں کی تعداد 2 لاکھ سے زیادہ پائی گئی ہے۔

دوسرے مرحلے میں جس کا آغاز اپریل 2020 سے ہوگا۔ پروفیشن ٹسٹ ایئرکنڈیشن، گاڑیوں کے الیکٹریشن اور مکینکس سے لیا جائے گا۔پروفیشن ٹسٹ کا تیسرا مرحلہ جولائی 2020 میں شروع ہوگا۔ اس کے تحت کارپینٹر، لوہار اور ویلڈر کا ٹسٹ ہوگا۔چوتھا مرحلہ اکتوبر 2020 کو شروع ہوگا۔ اس میں ٹولنگ (التلییس)، رنگ کرنے والے اورٹائل فکسرکا ٹسٹ ہوگا۔پانچواں اور آخری مرحلہ جنوری 2021 میں شروع ہوگا ۔اس کے تحت معمار، پلمبر اور ٹیکنیشن کے پروفیشن ٹسٹ ہوں گے۔

العمیر نے مزید بتایا کہ پروفیشن ٹسٹ میں کامیابی پر اول تو سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔ یہ 5 برس کے لیے موثر ہوگا۔ دوسرا سرٹیفکیٹ 50 فیصد سے زیادہ کارکنان کا ٹسٹ کروانے والے ادارے کے نام جاری ہوگا۔وزارت محنت و سماجی بہبود کے مطابق پروفیشن ٹسٹ پروگرام کا مقصد سعودی لیبر مارکیٹ میں خدمات کا معیار بلند کرنا اور غیر تربیت یافتہ عملے کی یلغار سے سعودی لیبر مارکیٹ کو بچانا ہے کیونکہ تیس لاکھ غیرملکیوں کے پاس مطلوبہ ڈگری نہیں۔

 نایف العمیرنے مزید کہا ہے کہ جائزے سے پتہ چلا ہے کہ سعودی لیبر مارکیٹ میں تقریباً 30 لاکھ ایسے غیر ملکی کارکن موجود ہیں جن کے پاس کوئی بڑی ڈگری نہیں۔ یہ لوگ مختلف کام کرکے ہنر مند بن گئے ہیں۔ 15لاکھ غیر ملکی کارکن ایسے ہیں جو الیکٹریشن، لوہار، کارپینٹر اور مکینک کے طور پر کام کررہے ہیں۔ باقی ڈرائیور اور عام لیبر کی حیثیت سے مزدوری کررہے ہیں۔سعودی مارکیٹ میں 2878 پیشوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ کٹوتی کے بعد ان کی تعداد 259 کردی جائے گی۔ مستقبل میں پروفیشن ٹسٹ کو لازمی کردیاجائے گا۔