Wednesday, April 23, 2025
Homesliderسعودی عرب کی عراق میں نئی حکومت کو مبارک باد

سعودی عرب کی عراق میں نئی حکومت کو مبارک باد

- Advertisement -
- Advertisement -

ریاض: سعودی عرب نے مصطفی الکاظمی کی قیادت میں بننے والی عراق کی نئی حکومت کا خیر مقدم کرتے ہوئے  امید ظاہر کی ہے کہ الکاظمی عراق کی خودمختاری اور امن و استحکام سے متعلق عراقی بھائیوں کی امنگوں پر پورے اتریں گے۔سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی دفتر خارجہ نے بیان جاری کرکے یقین دلایا کہ سعودی عرب برادر ملک عراق کے ساتھ کھڑا ہے اور باہمی تعاون، احترام، تاریخی رشتوں اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر عراق کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

تمام شعبوں میں دونوں ملکوں اور ان کے برادر عوام کے رشتوں کو مضبوط بنائیں گے اور بیرونی مداخلت سے بالاتر رہتے ہوئے خطے کے امن و استحکام کی مہم میں بھرپور تعاون کیا جائے گا۔خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے نئی حکومت کی تشکیل اورعراقی پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ ملنے پر عراق کے نئے وزیراعظم مصطفی الکاظمی کو مبارکباد پیش کردی۔شاہ سلمان نے اپنے پیغام میں الکاظمی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں نئی حکومت کی تشکیل اور عراقی پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ ملنے پر میں سعودی عوام و حکومت اور خود اپنی جانب سے آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ہماری نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔

ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالی آپ کو عراق اور اس کے برادر عوام کی صلاح و فلاح کی توفیق عطا کرے۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی الکاظمی کو مبارکباد پیش کی اور عراق اور اس کے برادرعوام کے لیے مزید ترقی و خوشحالی کی آرزو ظاہر کی۔ عراق کے نئے وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے  255 ارکان پارلیمنٹ کی موجودگی میں گزشتہ روز حلف لیا۔

الکاظمی نے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ ملنے پر اپنے خطاب میں کہا کہ نئی حکومت بحرانوں کی نہیں بلکہ انہیں حل کرنے والی حکومت ہوگی۔عراقی وزیراعظم نے یقین دلایا کہ عراق کو میدان جنگ بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی- انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہتھیارریاستی اداروں اور مسلح افواج کے قبضے میں ہوں گے۔الکاظمی نے کہا کہ ان کی حکومت قبل از وقت شفاف انتخابات کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔عرب ممالک، پڑوسیوں اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون اور اخوت کے رشتے استوار کیے جائیں گے۔