ریاض – سعودی عرب نے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور خمیس مشیط پر جمعہ کی صبح حوثیوں کا نیا حملہ ناکام بنا دیا۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے ابہا انٹرنیشنل ایرپورٹ اور خمیس مشیط پر حملے کے لیے پانچ ڈرون بھیجے تھے تاہم سعودی فضائیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہویے انہیں مار گرایا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ابہا انٹرنیشنل ایرپورٹ معمول کے مطابق اپنی خدمات انجام دے رہاہے اور پروازوں میں کسی قسم کی کوئی تاخیر نہیں ہورہی۔
ترکی المالکی نے کہا کہ شہری تنصیبات پر دہشت گردانہ حملے حوثیوں کی مایوسی کو ظاہر کررہے ہیں، بار بار حملوں کے باوجود انہیں کسی طرح کی کوئی کامیابی نہیں مل رہی۔ شہری تنصیبات پر حملے بین الاقوامی انسانی قانون اورعالمی روایات کے مخالف ہیں۔
واضح رہے قبل ازیں یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے ابہا کے بین الاقوامی ایرپورٹ کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا تھا جس میں تین خواتین سمیت 26 افراد زخمی ہو ئے۔ سعودی خبررساں ایجنسی نے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا کہ میزائل حملے سے ایرپورٹ کے ڈیپارچرلاؤنج کا ایک حصہ متاثر ہوا تھا۔
حوثی باغیوں کے میڈیا نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابہا ایرپورٹ پرکروزمیزائل سے حملہ کیا گیا جوعین نشانے پر لگا۔ اقوام متحدہ میں تعینات سعودی سفیرعبداللہ المعلمی نے سلامتی کونسل کے سربراہ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشتگردوں کو سبق سکھانے اور ابہا ایرپورٹ پر حملے کے ذمہ دار عناصر کے احتساب کیلئے جلد اقدامات کرے گا۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق المعلمی نے اپنے خط میں کہا کہ حوثیوں نے ایرپورٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کی۔