Monday, April 21, 2025
Homesliderسلمان خان اور شاہ رخ خان 1995 کے بعد پہلی مرتبہ ایک...

سلمان خان اور شاہ رخ خان 1995 کے بعد پہلی مرتبہ ایک ساتھ

- Advertisement -
- Advertisement -

ممبئی ۔ بالی ووڈ انڈسٹری کے دو بڑے سوپر اسٹار سلمان خان اور شاہ رخ خان کو فلم میں ایک ساتھ دیکھنے کے لیے ہر کوئی بے چین ہوگا ۔ اب تازہ ترین رپورٹ میں بتایا جا رہا ہے کہ عوام کا یہ خواب پورا ہونے جا رہا ہے۔ دراصل آدتیہ چوپڑا ایک فلم لکھنے جا رہے ہیں، جس میں سلمان خان اور شاہ رخ خان ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ اس خبر سے مداح کافی پرجوش ہیں۔ وہ ایک بار پھر بڑے پردے پر اپنے پسندیدہ اداکاروں کو ایک ساتھ دیکھ سکیں گے۔

شائقین کے ذہنوں میں ایک سوال ہے کہ اس فلم کی شوٹنگ کب شروع ہوگی۔بالی ووڈ خبری کی رپورٹ کے مطابق سلمان خان  اورشاہ رخ  خان ایک ساتھ ایک فلم میں نظر آئیں گے اور یہ ہندوستانی سنیما کی سب سے بڑی فلم ثابت ہوسکتی ہے۔ یہ فلم 2023 کے آخر یا 2024 کے اوائل میں فلور پر جا سکتی ہے۔ اس طرح سلمان خان اور شاہ رخ خان سال 1995 میں ریلیز ہونے والی فلم کرن ارجن کے بعد ایک فلم میں نظر آئیں گے۔ یش راج فلمز کے سربراہ آدتیہ چوپڑا اس پر کام کر رہے ہیں اور وہ فلم کے اسکرپٹ، اسکرین پلے اورمکالمہ تیار  کریں گے۔

قابل ذکربات یہ ہے کہ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان میں سلمان خان کا کیمیو (مختصر) رول ہے۔ سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 25 جنوری 2023 کو ریلیز ہوگی۔ فلم میں شاہ رخ خان کے علاوہ دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم بھی ہیں۔ وہیں سلمان خان کی فلم ٹائیگر 3 میں شاہ رخ خان کا کیمیو رول ہے۔ منیش شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 2023 کی عید پر ریلیز ہوگی۔ فلم میں سلمان خان کے علاوہ کترینہ کیف اور عمران ہاشمی بھی ہیں۔سلمان خان اور شاہ رخ خان کے آنے والے پروجیکٹ کی بات کی جائے تو سلمان خان فلم کبھی عید کبھی دیوالی کے علاوہ فلم  ٹائیگر 3 میں نظر آئیں گے۔ وہیں، فلم پٹھان کے علاوہ شاہ رخ خان فلم جوان اور فلم ڈنکی میں نظر آئیں گے۔