باسل۔ گزشتہ سیزن کی رنر اپ ہندستان کی پی وی سندھو نے چوتھی سیڈ چین کی چین یو فئی کو مسلسل گیموں میں 21-7، 21-14 سے شکست دے کر ورلڈ بیڈمنٹن مقابلہ کے فائنل میں داخلہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ نئی تاریخ رقم کر دی۔ پانچویں سیڈ سندھو مسلسل تیسری مرتبہ اس ٹورنمنٹ کے فائنل میں پہنچی ہیں اور اس ٹورنمنٹ کی تاریخ میں گولڈ میڈل جیتنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بننے سے ایک قدم ہیں۔
سندھو نے گزشتہ دو سال اس ٹورنمنٹ میں سلورمیڈل حاصل کئے ہیں ۔ وہ عالمی چمپئن شپ میں دو برونز میڈلس بھی جیت چکی ہیں۔پانچویں سیڈ سندھو نے اس سے پہلے کوارٹر فائنل میں دنیا کی دوسرے نمبر کی کھلاڑی تائی پے کی تائی جو ینگ کو شکست دی تھی اور اب سیمی فائنل میں انہوں نے عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر کی کھلاڑی چین کی یو فئی کو40 منٹ میں شکست دے دی اور اس سال کے اپنے دوسرے فائنل میں جگہ بنائی۔
وہ اس سال اس سے پہلے انڈونیشیا اوپن کے فائنل میں پہنچی تھیں۔عالمی چمپئن شپ میں2017 اور 2018 میں سلور میڈل اور2013 اور2014 میں برونز میڈل جیت چکی سندھو کو گزشتہ آٹھ ماہ سے پہلے خطاب کی تلاش ہے ۔ سندھو نے گزشتہ سال کے آخر میں ورلڈ ٹور فائنلس میں خطاب جیتا تھا اور وہ اس کے بعد اپنے پہلے خطاب کی تلاش میں ہیں۔سندھو نے پہلے گیم میں چینی کھلاڑی کو کوئی موقع نہیں دیا اور اس گیم کو یک طرفہ انداز میں21-7 سے جیت لیا۔
انہوں نے شروع سے ہی برتری بنائی اور8-2، 14-3 اور 20-6 سے اپنی برتری کو مضبوط کرتے ہوئے پہلا گیم21-7 پر ختم کر دیا۔دوسرے گیم میں چینی کھلاڑی نے واپسی کرنے کی کوشش کی لیکن ہندوستانی کھلاڑی نے انہیں کوئی موقع نہیں دیا۔ انہوں نے 10-7، 16-9، 20-12 کی برتری بناتے ہوئے دوسرا گیم 21-14 پر ختم کر مسلسل تیسرے سال فائنل میں جگہ بنا ئی سدھو نے اس کامیابی سے یو فئی کے خلاف اپنا کیریئر ریکارڈ 6-3 کر لیا ہے ۔ سندھو نے اس سال انڈونیشیا اوپن میں بھی یو فئی کو شکست دی تھی۔