Wednesday, April 23, 2025
Homesliderسندھو کی وطن واپسی، دہلی ایرپورٹ پرشاندار استقبال

سندھو کی وطن واپسی، دہلی ایرپورٹ پرشاندار استقبال

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ اولمپکس میں بیڈمنٹن مقابلہ میں برونز میڈل جیتنے والی تلنگانہ کی پی وی سندھو آج ملک واپس ہوگئیں۔ قومی دارالحکومت نئی دہلی کے ایرپورٹ پر سندھو کے ساتھ ان کے کوچ کا بھی شاندار استقبال کیاگیا ۔سندھونے ٹوکیو اولمپکس میں ویمنس سنگلز بیڈ منٹن میں یہ برونز میڈل جیتا۔ ایرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں اس میڈل کو جیتنے پر خوشی محسوس ہورہی ہے اور وہ کافی پُرجوش ہیں۔ سندھو نے کہا کہ وہ ان کی حمایت اور حوصلہ افزائی کے لئے تمام افراد بشمول بیڈ منٹن اسوسی ایشن کا شکریہ اداکرتی ہیں۔یہ ان کے لئے فخر کا لمحہ ہے ۔

یادر رہے کہ ہندوستان کی چمپئن کھلاڑی پی وی سندھو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹوکیو اولمپکس میں کھیلے گئے برونز میڈل کے مقابلے میں چین کی ہی بنگ جیاؤ کو 15-21،13-21 سے شکست دی اور بیڈمنٹن سنگلز مقابلے میں برونز میڈل جیتا ۔ سندھو اس کے ساتھ ہی اولمپکس میں مسلسل دو میڈل جیتنے والی ملک کی دوسری کھلاڑی اور یہ اعزاز حاصل کرنے والی ملک کی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ اس سے قبل یہ کارنامہ پہلوان سشیل کمار نے انجام دیا تھا ، جنہوں نے 2008 بیجنگ اولمپکس میں برونز اور2012 لندن اولمپکس میں سلور میڈل جیتا تھا۔ سندھو نے 2016 میں سلور میڈل اور رواں ٹوکیو اولمپکس میں برونز میڈل جیتا۔

جیسے ہی سندھو نے برونز میڈل جیتا ، ہندوستان کے واحد اولمپک انفرادی گولڈ میڈل جیتنے والے نشانہ باز ابھینو بندرا نے سندھو کوجیت کے لئے ٹویٹر پر مبارکباددی۔سندھو کو مبارکباد دیتے ہوئے ، مرکزی کھیل وزارت نے کہا ، چمپئن آپ کو بہت بہت مبارکباد ۔سندھو کو گزشتہ ریو اولمپکس کے فائنل میں اسپین کی کیرولینا مارین سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ اس بار بھی وہ سیمی فائنل میں چینی تائی پے کی تائی جو ینگ سے ہارگئیں لیکن انہوں نے برونز میڈل کے لیے راست گیموں میں چین کے بنگ ژیاؤ کو شکست دی۔