Sunday, June 8, 2025
Homesliderسن رائزرس حیدرآباد کےلئے پنجاب کے خلاف کامیابی اشد ضروری

سن رائزرس حیدرآباد کےلئے پنجاب کے خلاف کامیابی اشد ضروری

- Advertisement -
- Advertisement -

دبئی۔ آئی پی ایل کی پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نچلے مقام کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کو ٹورنمنٹ میں برقرار رہنے کے لئے جمعرات کو سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف میچ میں یقینی جیت درج کرنی ہو گی۔ پنجاب کی ٹیم پانچ میچوں میں صرف ایک کامیابی اور چار شکستوں کے ساتھ ٹیبل میں آٹھویں اور آخری نمبر پر ہے ۔ ایک اور شکست سے پلے آف میں جانے کی پنجاب کی امیدوں کو دھکا لگ سکتا ہے ۔ دوسری جانب حیدرآباد پانچ میچوں میں دو فتوحات اور تین شکست کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے ۔ حیدرآباد کی صورتحال بھی زیادہ اچھی نہیں ہے اور اس کے لئے بھی یہ میچ جیتنا بہت ضروری ہے ۔

پنجاب اور حیدرآباد دونوں کو اپنے پچھلے میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ ممبئی انڈینز نے حیدرآباد کو34 رنز سے شکست دی تھی جبکہ چینائی سوپرکنگز نے پنجاب کو10 وکٹوں سے شکست دی تھی ۔ حیدرآباد کے خلاف ممبئی نے پچھلے میچ میں208 رنزکا بڑا اسکور بنایا تھا لیکن حیدرآباد کی ٹیم سات وکٹوں پر174 رنز بنا سکی۔ فاسٹ بولر بھونیشور کمار کے ٹورنمنٹ سے باہر ہونے کے بعد حیدرآباد کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے ۔ حیدرآباد نے آندھرا پردیش کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر پرتھوی راج یاراکو بھونیشور کی جگہ ٹیم میں شامل کیا ہے ۔

حیدرآباد کے لئے آخری میچ میں کپتان ڈیوڈ وارنر نے سب سے زیادہ اسکور60 رنز، جانی بیئرسٹو نے25 اورمنیش پانڈے نے30 رنز بنائے جبکہ کین ولیمسن تین اور پریم گرگ پانچ رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور اس ناکامی کا ٹیم کو بڑا نقصان برداشت کرنا پڑا ۔ ابھیشیک شرما10 اور عبد الصمد20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ ایک وقت10 ویں اوورمیں حیدرآباد کی ٹیم ایک وکٹ پر94 رنز بنا کر اچھے موقف میں تھی لیکن اس کے بعد ان کی اننگز تاش کے پتوں کی طرح بکھیر گئی۔ حیدرآباد کو فتح کی امید کے لئے اپنی بیٹنگ کو بہتر بنانا ہوگا۔

پنجاب نے اپنے گزشتہ مقابلے میں کپتان لوکیش راہول کی63 رنزکی شاندار نصف سنچری کی بدولت چار وکٹ پر178 رنزکا مشکل اسکور بنایا تھا لیکن چینائی نے شین واٹسن (ناٹ آؤٹ 83) اور فاف ڈو پلیسی (ناٹ آؤٹ87 ) شاندار نصف سنچری اور ان کے درمیان181 رنزکی افتتاحی شراکت کی بدولت یکطرفہ طور پر10 وکٹوں سے فاتحانہ رفتار حاصل کی تھی ۔اگر پنجاب کو کامیابی کی راہ پر واپس آنا ہے تو اسے اپنی بولنگ اور بیٹنگ دونوں کو بہتر بنانا ہوگا۔ ٹیم کے پاس کرس گیل کی شکل میں اس فارمیٹ کا سب سے زیادہ تباہ کن بیٹسمین ہے لیکن ٹیم نے اب تک گیل کو پانچ میچوں میں موقع نہیں دیا ہے ۔ گیل جیسے بیٹسمین کو بینچ پر بٹھائے رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے ۔ جب ٹیم کی بیٹنگ ٹھیک نہیں چل رہی ہے تب ٹیم کو گیل کو کم سے کم ایک موقع فراہم کرنا چاہئے ۔

پنجاب کے کپتان لوکیش راہول نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم منصوبوں کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کررہی ہے ۔ راہول نے کہا کہ مسلسل کئی میچ ہارنا بہت افسوسناک ہے ۔ ہمیں بہترطور پر واپسی کرنے کے لئے مستقل کوشش کرنی ہوگی۔ ہم کہاں غلطی کررہے ہیں اس کے لئے کوشش کرنی ہوگی یہ کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے ۔ ہم اپنے منصوبوں کو بہتر طریقے سے عملی جامہ پہنانے کے اہل نہیں رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ فی اوور سات آٹھ رنز دیتے ہیں تو پھر آپ میچ میں کسی وکٹ کے لئے جارحانہ رویہ اختیارکرسکتے ہیں لیکن ہم شروع میں ہی فی اوور10 رنز دے رہے تھے لہذا جارحانہ ہونا مشکل ہے ۔ ہمارے تمام کھلاڑی بہت پیشہ ور ہیں اور امید ہے کہ ہم جلد ہی واپسی کریں گے ۔