نئی دہلی:قومی دارالحکومت دہلی میں اسمبلی انتخابات کے لئے محض پانچ ماہ باقی ہیں۔ کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے قیادت کے معاملہ پر تبادلہ خیال کے لئے جمعرات کی شام سابق سٹی یونٹ کے سربراہوں کا اجلاس طلب کیا ہے،کیونکہ شیلا دکشت کی موت کے بعدپارٹی صدر کا عہدہ خالی ہے۔
کانگریس کے ذرائع کے مطابق،دہلی کانگریس کے چار سابق سربراہوں،اروند سنگھ لولی،اجئے ماکن،جئے پرکاش اگروال اور سبھاش چوپرا سے کہا گیا ہے کہ وہ سونیا گاندھی کی جانب سے منعقد کی گئی میٹنگ میں شریک ہوں۔انہوں نے کہا کہ۔امکان ہے کہ کانگریس چیف نئی دہلی یونٹ کے سربراہ کے معاملے پر تبادلہ خیال کریں گی۔جو شیلا دکشت کی موت کے بعد 20جالائی سے خالی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں نئے سٹی انچارج کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔کیونکہ پی سی چاکو نے پارٹی قیادت سے اپیل کی ہے کہ وہ انہیں فرائض سے فارغ کریں۔منگل کے روز چاندنی چوک سے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی الکا لامبا نے سونیا گاندھی سے ملاقات کی،اور یہ قیاس کیا جارہا ہے کہ وہ اسمبلی انتخابات سے قبل عظیم اتحاد میں شامل ہو سکتی ہیں۔1998سے2013تک مسلسل تین بار قومی درالحکومت پر بر سر اقتدار رہنے والی کانگریس،اپنا مقام بنانے میں ناکام ہے۔دوسری طرف بی جے پی نے پہلے ہی شہر بھر میں اپنی انتخابی مہم شروع کردی ہے۔
دہلی بی جے پی یونٹ کے سربراہ منوج تیواری،جو شمال مشرقی دہلی پارلیمانی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہین اور بی جے پی کے سینئیر رہنما وجئے گوئل اسمبلی انتخابات کیلئے دہلی میں کئی پروگراموں کا انعقاد کر رہے ہیں،جو اگلے سال کے اوائل میں منعقد ہوں گے۔
کانگریس نے 2013 میں ہوئے انتخابات میں عام آدمی پارٹی سے شکست کھائی تھی اور 2015کے اسمبلی انتخابات میں جب آپ نے 70میں سے 67نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی،تو کانگریس کا مکمل صفایا ہوگیا تھا۔اور بی جے پی نے تین نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔