نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کو سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) کو اناؤ عصمت دری کے معاملہ میں اپنی تحقیقات مکمل کرنے کے لئے مزید دو ہفتے کی مہلت دی ہے۔سی بی آئی نے یہ کہتے ہوئے چار ہفتوں کا وقت طلب کیا تھا کہ اتر پردیش کے وکیل مہندر سنگھ،جو پچھلے مہینے رائے بریلی حادثے میں شدید زخمی ہوئے تھے،بیان دینے کی حالت میں نہیں تھے۔عدالت نے اتر پردیش حکومت کو وکیل مہندر سنگھ کو پانچ لاکھ روپئے کی ادائیگی کرنے کی بھی ہدایت کی۔
عدالت عظمیٰ نے معاملہ کی مزید سماعت ستمبر تک ملتوی کردی۔عدالت نے اس معاملہ کے اہم ملزم بی جے پی کے رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر کو کے قریبی افراد کی جانب سے دھمکیوں کا الزام لگاتے ہوئے متاثرہ افرادکے اہل خانہ کی جانب سے لکھے گئے خط کا از خود جائزہ لیا تھا۔
واضح ہوکہ 28جولائی اتوار کی شام نیشنل ہائی وے۔31پر عصمت دری سے متاثرہ کی گاڑی کو ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹکر ماری تھی۔حادثے میں اناؤ عصمت دری کی متاثرہ اور اس کے وکیل مہندر سنگھ شدید زخمی ہو گئے تھے،اور اس حادثہ میں متاثرہ کی چاچی اور دگر ایک خاتون کی موت ہو گئی تھی۔یہ تمام لوگ متاثرہ کے چچا سے مل کر رائے بریلی سے واپس آرہے تھے۔