Monday, May 12, 2025
Homeتازہ ترین خبریںسپریم کورٹ کا فلم رام کی جنم بھومی پر پابندی سے انکار

سپریم کورٹ کا فلم رام کی جنم بھومی پر پابندی سے انکار

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ سپریم کورٹ نے سنوج مصر کی ڈائرکشن والی فلم رام کی جنم بھومی کی نمائش پر پابندی  سے انکار کر دیا۔ درخواست گزار پرنس یعقوب حبیب الدین طوسی کی جانب سے وکیل للی تھامس نے جسٹس ایس اے بوب ڈے کی زیرصدارت بنچ کے سامنے معاملہ کا خاص طور سے ذکر کیا۔ انہوں نے دلیل دی کہ29 مارچ کو اس فلم کے ریلیز ہونے سے رام جنم بھومی۔ بابری مسجد تنازعہ کو حل کرنے کے لئے جاری ثالثی عمل متاثر ہوگا، لہذا اس کی نمائش پر فوری روک لگائی جانی چاہئے۔

 جسٹس بوب ڈے نے فلم کی ریلیز پر روک لگانے سے انکار کرتے ہوئے کہا ثالثی کے عمل اورفلم کی ریلیز میں کوئی تعلق نہیں ہے ۔ اس فلم کی کہانی ایودھیا کے متنازعہ رام جنم بھومی کے ارد گرد گھومتی ہے ۔ فلم کے پروڈیوسر اورمصنف شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین وسیم رضوی اور اسسٹنٹ ڈائرکٹر وکاس کمار سنگھ ہیں۔ فلم میں منوج جوشی اورگووند نام دیو نظر آئیں گے ۔ درخواست گذار نے الزام لگایاہے کہ فلم کی ریلیز سے ایودھیا معاملہ میں جاری ثالثی عمل متاثر ہوگا۔

قابل غور ہے کہ سپریم کورٹ کی پانچ رکنی آئینی بنچ نے ایودھیا تنازعہ کو ثالثی کے ذریعہ حل کرنے کا ایک موقع دیا ہے ۔آئینی بنچ نے تین ارکان کی ثالثی کمیٹی بنائی ہے جس میں سپریم کورٹ کے سبکدوش جج ایف ایم خلیف اللہ کو صدر، روحانی گرو شری شری روی شنکر اور سینئر وکیل شری رام پنچو کو رکن مقرر کیا ہے ۔