کراچی ۔ دنیائے کرکٹ کے تیز ترین فاسٹ بولر شعیب اختر کرکٹ سے تو کنارہ کش ہو گئے ہیں لیکن ہندوستانی کھلاڑیوں کے متعلق بیان بازی کرنا انہوں نے اب بھی نہیں چھوڑا، یہی وجہ ہےکہ اسٹار کھلاڑی راولپنڈی ایکسپریس کے خلاف وریندر سہواگ بھی بول پڑے ہیں، تاہم شعیب اختر نے بھی انہیں جوابی گیند ڈال دی۔
تیز تر ین فاسٹ بولر کا اعزاز رکھنے والے شعیب اختر میدان میں ہوں یا میدان سے باہر خبروں میں رہتے ہیں، میدان میں اپنی بولنگ سے سب کو پریشان کرنے والے فاسٹ بولر اپنے بیانات سے ہر ایک کو چونکا دیتے ہیں، لیکن سہواگ نے الگ ہی انکشاف کیا ہے۔ وریندر سہواگ شعیب اختر کے خلاف بیان دینے کی یہ ویڈیو کچھ عرصے پرانی ہے، لیکن ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور لوگوں کا سوال ہے کہ شعیب اختر سہواگ کے اس الزام کا جواب دیں۔
سہواگ کی بات درست ہے یا غلط یہ بحث سوشل میڈیا پر ہی چل رہی ہے، تاہم شعیب اختر ایک دو بار نہیں کئی بار بیان دے چکے ہیں۔ وریندر سہواگ نے کہا تھا کہ شعیب اختر پیسوں کےلئے ہندوستان کی تعریف کرتے ہیں جس کے جواب میں شعیب اختر نے کہا ہے کہ میں کسی کے بارے میں تنگ نظرنہیں ہوں، پیسہ اللّٰہ دیتا ہے، ہندوستان نہیں اور 40 سال سے مجھے اللّٰہ ہی پال رہا ہے۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ میں اتنا تنگ نظرنہیں ہوں جتنا وہ سمجھ رہے ہیں، سہواگ کے سر پرجتنے بال نہیں اس سے زیادہ میرے پاس مال ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف مجھے کیوں ہدف تنقید بنایاجاتاہے، یہ معاملہ مجھ سے حسد کرنے کا ہے، تاہم جو اچھا کھیلے گا، اس کی تعریف کروں گا، جو برا کھیلے گا میری جانب سے اس پرتنقیدکی جائے گی۔ شعیب اختر نے کہا کہ میرے علاوہ کئی اور پاکستانی کھلاڑی بھی ہندوستان کی تعریف کرتے ہیں۔