یو پی ایس سی امتحان کے بغیر جوائنٹ سکریٹری کا عہدہ ۔مودی حکومت کی متوازی داخلہ کے ذریعہ جوائنٹ سکریٹری سطح کی 10 جائیدادوں پر تقررات کرنے کی پیشکش
ایک اہم اقدام کرتے ہوئے مودی سرکار نے جوائنٹ سکریٹری سطح کی 10 جائیدادوں پر خانگی افراد کے لئے دروازے کھول دےئے۔اس سطح کے عہدہ پر تقرر کے لئے ایک فرد کو پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے منعقد کئے جانے والے سیول سرویسس امتحانات میں میرٹ میں کامیاب ہونا پڑتا ہے۔ اتوار کو بڑے اخبارات میں شائع ایک اشتہار کے مطابق محکمہ پرسونل اینڈ ٹریننگ ، حکومت ہند میں سینئر پوزیشنس پرمتوازی تقررات کرنے جارہا ہے۔ عوامی یا خانگی شعبہ میں کام کرنے والا کوئی بھی 40 برس عمر کا شخص درخواست دے سکتا ہے۔محکمہ پرسونل اینڈ ٹریننگ کے اشتہار کے مطابق 10 غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل افرادکی تلاش میں ہے جو ریونیو، فینانشیل سرویسس، اقتصادی امور، زراعت، امداد باہمی وبہبود کسان، روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز، شپنگ، ماحولیات ‘ جنگلات و تبدیلی موسمیات، نئی وقابل تجدیدتوانائی ، شہری ہوابازی اور کامرس کے شعبہ میں ماہرہوں ۔ یہ تقررات تین سال کی مدت کے لئے ہوں گے اور کارکردگی بہترہوگی تو میعاد کو بڑھا کر 5 سال تک کیا جائے گا۔ ان عہدوں پر منتخب درخواست گذاروں کو بھی جوائنٹ سکریٹری کو دی جانے والی تنخواہیں دی جائیں گی یعنی 144200-218200روپے ماہانہ (پے میٹرکس کی 14ویں سطح) ۔ مزید براں وہ حکومت ہند میں اسی مماثل کی سطح پر دئیے جانے والے بھتے اور سہولتوں کے بھی مستحق ہوں گے۔خواہشمند امیدواروں کو15 جون تا 30 جولائی آن لائن درخواستیں http://Lateral.nicویب سائٹ پر داخل کرنی ہوں گی۔ اس اشتہار کے مطابق نیتی آیوگ نے سب سے پہلے خانگی شعبہ کے افراد کے لئے اس طرح کے کھلے تقررات کرنے کی سب سے پہلے تجویز پیش کی تھی۔