حیدرآباد۔ سائبرآباد کمشنریٹ میں میلار دیوپلی پولیس اسٹیشن کے حدود میں شاستری پورم مین روڈ پر تین نامعلوم افراد نے ایک ورکشاپ میں داخل ہوکر ہتھوڑے سے حملہ کرکے 50 سالہ امجد نامی شخص کا قتل کردیا۔ساہتی کالونی ، نائس ہوٹل کے ساکن امجد پلائی ووڈ کارخانہ میں کام کررہے تھے۔ وہ اپنے کام میں مصروف تھے کہ تین نامعلوم حملہ آور وہاں پہبنچے اور ان پر حملہ کرتے ہوئے ان کے سر پر ایک وزنی ہتھوڑے سے وار کردیا جس کیباعث ان کے سر پر شدید چوٹ آئی او ر وہ برسرموقع ہی ہلاک ہوگئے۔ قتل کی اطلاع ملنے پر انسپکٹر آف پولیس میلاردیوپلی مسٹر اے ستیہ وہاں پہنچ گئے اور موقع واردات کا مشاہدہ کیا اور عینی شاہدین سے ابتدائی معلومات حاصل کیں۔ کلوز ٹیم کو طلب کرتے ہوئے مقام واردات سے شواہد اکٹھا کی گئیں۔ پنچنامہ کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل منتقل کردیاگیا۔ پولیس نے کہا کہ ہنوز حملہ آوروں کی شناخت نہیں ہوسکی اور نہ ہی قتل کی وجوہات کا پتہ چل پایا ہے۔ مسٹر ستیہ نے بتایا کہ اس علاقہ کے سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ حملہ آوری کی شناخت کی جارہی ہے۔