Sunday, June 8, 2025
Homeٹرینڈنگشاہین باغ مظاہرہ ختم کروانے سپریم کورٹ میں درخواست داخل

شاہین باغ مظاہرہ ختم کروانے سپریم کورٹ میں درخواست داخل

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ سپریم کورٹ نے قومی داراحکومت دہلی کے شاہین باغ میں احتجاج و مظاہرے کو ہٹانے سے متعلق درخواست کی فوری سماعت کی اپیل کے سلسلہ میں منگل کے روز درخواست گزارکو ہدایت دی کہ وہ مینشنگ رجسٹرار کے پاس جائیں۔درخواست گزار نند کشور گرگ کی جانب سے چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے کی صدارت والی بنچ کے سامنے درخواست کا خصوصی ذکرکیا اور فوری سماعت کی درخواست کی لیکن عدالت عظمیٰ نے درخواست گزاروکو مینشنگ رجسٹرار کے پاس جانے کی ہدایت دی۔

عرضی میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ شاہین باغ میں جاری احتجاج ومظاہرہ کوختم کیا جائے تاکہ کالندی کنج ۔ شاہین باغ کا راستہ پھر سے کھل سکے۔ نیز اس کے لئے عدالت عظمیٰ مرکزی حکومت اور متعلقہ محکمہ کو حکم جاری کرے۔ عرضی میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر دھرنا ومظاہرہ پر پابندی عائد کرنے کے لئے بھی عدالت مرکزی حکومت کو ہدایات جاری کرنے کا حکم دے۔کالندی کنج شاہین باغ راستہ بند ہونے سے مسافروں کو ہونے والی دقتوں کا حوالہ دیتے ہوئے درخواست میں کہا گیا ہے کہ لوگ ڈی این ڈی فلائی اوور اورآشرم جیسے متبادل راستوں سے سفر کرنے پر مجبور ہیں، جس کی وجہ سے مسافروں کا قیمتی وقت اور ایندھن برباد ہو رہا ہے۔

دوسری جانب شاہین باغ میں مظاہرہ کر رہی خواتین اپنے ارادوں پر ڈٹی ہوئی ہیں اوران کا موقف ہے کہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک حکومت یہ نہ کہے کہ سی اے اے نافذ نہیں ہوگا۔ مظاہرین نے کہا ہے کہ عام لوگوں کو اس مظاہرے میں کچھ پریشانی کا سامنا ہے لیکن ہمارا مسئلہ ان کے مسئلے سے زیادہ بڑا ہے۔واضح رہے کہ شاہین باغ میں شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے)، قومی شہریت رجسٹر (این آرسی)، قومی آبادی رجسٹر (این پی آر) کے خلاف 55 دن سے مظاہرے جاری ہیں۔ اس مظاہرے کی وجہ سے دہلی سے نوئیڈا جانے والا راستہ جام ہے، حالانکہ مظاہرین ایمبولنس اور اسکول بسوں کو اس راستہ سے گزرنے سے نہیں رک رہے۔