Wednesday, April 23, 2025
Homesliderشاہ رخ خان کی معذرت خواہی ، رسل کی ناراضگی

شاہ رخ خان کی معذرت خواہی ، رسل کی ناراضگی

- Advertisement -
- Advertisement -

چینائی۔ ممبئی انڈینس کے خلاف کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کی شکست کے بعد ٹیم کے مالک شاہ رخ خان نے عوام سے اس شکست پر معذرت خواہی کی ہے جس پر ٹیم کے آل راونڈر اینڈری رسل نے جوابی ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے ایک ناکامی قرار دیا اور کہا کہ اس کا یہ مطلب نہیں کہ دنیا ہی ختم ہوگئی ہے۔ چینائی کے ایم چدمبرم اسٹیڈیم میں منعقدہ مقابلہ میں کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کو دفاعی چمپئن ممبئی انڈینس کے خلاف 10 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ کے کے آر کو کامیابی کیلئے 153 رنز کا نشانہ حاصل کرنا تھا اور 15 اوورس کے اختتام پر اس نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنا لئے تھے جبکہ آخری 5 اوورس میں سے 31 رنز درکار تھے اور اس کی 6 وکٹیں محفوظ تھی لیکن حیران کن شکست نے بالی ووڈ بادشاہ شاہ رخ خان کو مایوس کردیا جس پر انہوں نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کرکٹ شائقین سے اس شکست پر معذرت خواہی کی۔

ٹیم کے کھلاڑی رسل جنہوں نے ممبئی انڈینس کی اننگز کے دوران دو اوورس میں 5 وکٹیں حاصل کی تھیں لیکن آخری 5 اوور میں دو مرتبہ انہیں زندگی ملنے کے باوجود باونڈری اسکور نہیں کرپائے۔ رسل اننگز کے آخری اوور میں ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر آؤٹ ہوئے اور آؤٹ ہونے سے قبل انہوں نے 15 گیندوں میں 9 رنز بنائے۔ شاہ رخ خان کی معذرت خواہی پر رسل نے کہا کہ یہ کرکٹ ہے اور اختتام میں کوئی ایک ٹیم کامیاب ہوتی ہے اور ہم اس شکست سے مایوس ضرور ہیں لیکن یہاں دنیا ختم نہیں ہوگئی ہے۔ ہمیں امید ہیکہ ہم بہتر مظاہرہ کریں گے کیونکہ ابھی تو یہ ٹورنمنٹ کا آغاز ہے اور ابھی سے مایوس ہونا بہتر نہیں۔