کوہ ساموئی (تھائی لینڈ)۔ تھائی لینڈ کی پولیس کو مبینہ طور پر شین وارن کے کمرے کے فرش اور تولیوں پر خون کے دھبے ملے ہیں جب وہ ولاکی تلاشی لے رہے تھے جہاں چھٹیاں گزارنے گئے عظیم آسٹریلیائی سابق کرکٹرکی موت ہوئی ہے ۔52 سالہ لیجنڈری کرکٹر کو جمعہ کی رات تھائی انٹرنیشنل ہسپتال میں ڈاکٹروں نے مردہ قراردیا تھا۔ اس سے پہلے اس کے دوستوں نے اسے ایک لگژری ولا میں سی پی آر دیا تھا۔اتوار کواسکائی نیوزڈاٹ کام ڈاٹ اے یو نے تھائی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ تھائی پولیس کو اس کمرے کے فرش اور تولیوں پر خون ملا جس میں وارن ٹھہرے ہوئے تھے۔
مقامی صوبائی پولیس کے کمانڈر سائت پولپینیت نے تھائی میڈیا کو بتایا کمرے میں بہت زیادہ خون تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب سی پی آرشروع ہوا تو وارن کو کھانسی ہوئی تھی اورخون نکل رہا تھا۔ کوہ ساموئی کے بو فٹ پولیس اسٹیشن کے سپرنٹنڈنٹ یوٹانا سری سومبا کے مطابق وارن نے حال ہی میں ایک ڈاکٹر، ایک کارڈیالوجسٹ کے پاس گئے تھے، جس کے بعد اس نے اسے مشکوک موت قرار دینے سے انکارکردیا۔وارن اپنے دوستوں کے ساتھ کوہ ساموئی کے جزیرے پر چھٹیاں گزارنے گئے تھے۔ مقامی پولیس کی معلومات کے مطابق وارن کے ایک دوست نے پایا کہ عظیم آسٹریلیائی اسپنر شام 5 بجے جواب نہیں دے رہے تھے۔ایمبولینس کا انتظار کرتے ہوئے، گروپ نے وارن کے لیے سی پی آر کیا۔وارن کی انتظامیہ نے بعد میں ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ایک مختصر بیان جاری کیا تھا۔
یادر رہے کہ جمعہ کو لیجنڈری آسٹریلیائی اسپنر شین وارن 52 سال کی عمر میں مشتبہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ وارن کی انتظامی فرم کی طرف سے فاکس نیوز کو دیے گئے ایک بیان کے مطابق، ان کا انتقال تھائی لینڈ میں دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شین اپنے ولا میں مشتبہ حالات میں پائے گے تھے اور طبی عملے کی بہترین کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہیں جا سکا۔ بیان میں مزید کہا ہے کہ خاندان اس وقت رازداری کی درخواست کرتا ہے اور مناسب وقت پر مزید تفصیلات فراہم کرے گا۔