حیدرآباد۔ حیدرآباد سٹی پولیس نے2981 ضبط شدہ گاڑیوں کے مالکان کو نوٹس جاری کر دی ہیں تاکہ وہ اپنی گاڑی کو حاصل کرلیں اس سے پہلے کہ پولیس محکمہ ان گاڑیوں کی نیلامی کردے ۔ متعلقہ شعبے کے حکام کے مطابق ضبط شدہ گاڑیوں کے مالکان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جولائی کے اختتام سے قبل اپنی گاڑیوں کو حاصل کر لیں کیونکہ اس کے بعد محکمہ ان گاڑیوں کی نیلامی کرے گا جو کہ حیدرآباد پولیس ایکٹ 2004 کے دفعہ 7 کے تحت گاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی ۔
گوشہ محل کے ریزریو سب انسپکٹر نرسمہا مورتی نے کہا ہے کہ ضبط شدہ گاڑیوں کے متعلق کوئی بھی شخص اگر مالکانہ حقوق یا کوئی اور حق رکھتا ہے تو وہ اپنی گاڑی حاصل کرنے کے لیے کمشنر آف پولیس بشیر باغ میں اپنی درخواست دے سکتا ہے اور درخواست دینے کے بعد پندرہ دنوں کے اندر گاڑی حوالے کر دی جائے گی اور اگر کوئی شخص اس کاروائی کو مکمل کرنے میں ناکام رہتا ہے تو پھر اس کی گاڑی کو بھی نیلامی کے لئے پیش کر دیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ وہ گاڑی کے حصول کے لیے www.hyderabadpolice.co.in پر بھی اپنی درخواست دے سکتا ہے ۔
اس سے قبل گزشتہ سال 25 جولائی 2018 کوحیدرآباد پولیس نے گوشہ محل میں ضبط شدہ 379 گاڑیوں کی نیلامی کی تھی ۔ اس کے علاوہ فاضل سازوسامان کی بھی نیلامی عمل میں لائی تھی ۔گزشتہ 3 برسوں کے دوران حیدرآباد پولیس نے 10483 ضبط شدہ گاڑیوں کی نیلامی کی ہے جس میں 9473 گاڑیاں اسکراپ میں ڈالی گئی ہیں ۔ دوسری جانب عوام کے لیے بھی یہ ایک موقع ہے کہ وہ محکمہ پولیس کی جانب سے نیلام کی جانے والی بہترگاڑیاں واجبی قیمتوں میں حاصل کرسکیں ،کیونکہ حیدرآباد میں مستعملہ گاڑیوں کی خریدوفروخت کی تجارت بھی بھی کافی اہمیت کی حامل ہے۔