نئی دہلی : طلاق ثلاثہ کو کالعدم قرار دینے کا بل منگل کو راجیہ سبھا میں منظور ہو گیا۔اس سے قبل یہ بل راجیہ سبھا میں منظور نہیں ہو سکا تھا،لیکن آج مودی حکومت یہ بل منظور کرانے میں کامیاب ہو گئی۔راجیہ سبھا میں طلاق ثلاثہ بل کی حمایت میں 99ووٹ پڑے،جبکہ اس کی اس کی مخالفت میں 84ووٹ پڑے۔
مسلم خواتین (حقوق برائے تحفظ برائے شادی) بل2019 کو،مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے بحث اور منظوری کے لئے ایوان بالا میں پیش کیا۔
راجیہ سبھا میں آج تین طلاق بل پر بحث کے دوران بل کو سلیکٹ کمیٹی کے پاس بھیجنے کی تجویز خارج ہو گئی۔سلیکٹ کمیٹی کے پاس بھجنے کی تجویز کے حق میں 84 اور مخالفت میں 100ووٹ پڑے۔طلاق ثلاثہ بل کو اب سلیکٹ کمیٹی کے پاس نہیں بھیجا جائے گا اور اب کوئی ترمیمی تجویز بھی نہیں آئے گی۔اس سے قبل اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے اس بل کو سلیکٹ کمیٹی کے پاس بھیجنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس کی مخالفت کی تھی۔