حیدرآباد ۔نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی گیارہ ٹیمیں اور ایس ڈی آر ایف (اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس) کی تین ٹیمیں شمالی ساحلی آندھرا کے تین اضلاع سریکاکولم، وجیا نگرم اور وشاکھاپٹنم میں خلیج بنگال میں گہرے دباؤ میں تبدیل ہونے کی وجہ سے تعینات ہیں گزشتہ روز خلیج بنگال میں ہوا کا دباؤ کم ہوا ہے جس کی وجہ سے ایک طوفان جواد کی آمد ہے ۔
چیف سکریٹری سمیر شرما کے مطابق کوسٹ گارڈ کی چھ ٹیمیں اور 10 میرین پولیس ٹیموں کو ہنگامی کارروائیوں کے لیے تیار رکھا گیا ہے۔ اگرچہ طوفان اڈیشہ کی طرف بڑھ رہا ہے اور پوری کے قریب ساحل کو عبورکرنے کا امکان ہے، لیکن شمالی ساحلی آندھرا کے اضلاع میں سرکاری مشینری چوکنہ ہے کیونکہ 80-90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا کی اور 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہلکی سے بہت زیادہ بارش متوقع ہے۔ میٹ بلیٹن کے مطابق ہفتہ کے روز شمالی ساحلی آندھرا میں الگ تھلگ مقامات پر بھاری سے انتہائی بھاری بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔
تلگو ریاست آندھرا پردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے تین شمالی ساحلی اضلاع اور مشرقی اور مغربی گوداوری اضلاع کے کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کی اور صورتحال کا جائزہ لیا ہے ۔ ریاستی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے کمشنر کے کنا بابو نے وضاحت کی کہ طوفانی ماحول اورطوفان جواد کے اثرات کے تحت سڑکوں کا سیلاب، درختوں کا اکھڑ جانا اور نشیبی علاقوں میں پانی بھر جانا اور بنیادی طور پر شہری علاقوں میں انڈر پاسز کے بند ہونے کی توقع ہے۔کچے چھتوں والے مکانات کو بڑا نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ کمزور ڈھانچے اور عمارتوں کو بھی خطرہ لاحق ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے اضلاع میں کنٹرول روم کھولے گئے ہیں۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ریلیف کیمپ قائم کرنے اور نشیبی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت دی۔