متھرا (اتر پردیش)۔ ایک چونکا دینے والے واقعہ میں، ایک نوجوان دلہن کو اس کی شادی کی تقریب کے دوران مبینہ طور پر ایک سر پھیرے عاشق نے گولی مار کر ہلاک کر دیا اور دلہن موقع واردات پر ہی ڈھیر ہوگئی ۔ پولیس نے جمعہ کو اس درد ناک واقعہ کی تفصیلات میڈیا کو فراہم کی ہے ۔ مقتولہ کی شناخت کاجل کے نام سے ہوئی جو اس حادثہ میں موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
پولیس کے مطابق ملزم کا خاتون کے ساتھ رشتہ تھا اور وہ اس کی دوسرے مرد سے شادی پر ناراض تھا۔ پولیس شکایت میں متاثرہ کے والد خوبی رام پرجاپتی نے الزام لگایا کہ اس کی بیٹی جمعہ کی دوپہر تقریباً 1.30 بجے مالا کی رسم کے بعد اس کے گھر کے اندر گئی تھی جب ملزم انیش نے اسے دیسی ساختہ پستول سے گولی مار کر ہلاک کردیا۔ گولی بائیں آنکھ کے قریب لگنے سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ مشعوقہ کو گولی مار کر ہلاکر کرنے کے بعد ملزم کسی طرح موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ اس واقعہ کے بعد شادی کی محفل ماتم میں بدل گئی ۔
ایس پی (دیہی) شریش چندرا نے کہا کہ اس درد ناک واقعہ کے بعد فوری طور پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور پولیس ملزم کو پکڑنے کی کوشش کر رہی ہے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے وہ کاجل کی کسی اور سے شادی پر بہت زیادہ برہم تھا اس لئے اس نے یہ سخت اقدام کرنے کے بعد مقام سے راہ فرار اختیار کی ہے ۔یاد رہے کہ ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں ناکام عاشقوں کی جانب سے خواتین کا قتل اور ان پر ظلم کے واقعات سماج کے مسائل کا تشویش ناک پہلو ہیں۔