حیدرآباد ۔ ان دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہا ہے جس کو دیکھنے کے بعد ہر مسلمان کا سر شرمندگی سے جھک رہا ہے ،کیونکہ ٹی وی کے مشہور شو کون بنے گا کروڑ پتی میں عاصم چودھری سے جو سوال امیتابھ بچن نے کیا اس کا جواب شاید اسلامی ماحول میں پلنے والا ایک سال کی عمر کا بچہ بھی آسانی سے دے سکتا ہے لیکن شوکی ہاٹ سیٹ پر بیٹھے عاصم جو بظاہر دنیاوی اعتبار سے کافی تعلیم یافتہ دکھائی دے رہے تھے لیکن انہوں نے اسلامی معلومات سے تعلق رکھنے والے ایک بنیادی سوال کا جواب ہی نہیں دے پائے بلکہ انہوں نے اس سوال کو ہی بدلنے کی درخواست کردی۔
امیتابھ بچن کی جانب سے شو میں پوچھا گیا سوال اتنا آسان تھا کہ اسے آنکھ جھپکتے باآسانی پورے اعتماد کے ساتھ دیا جا سکتا تھا کیونکہ اس میں سوال کیا گیا تھا اسلامی تعلیمات کے اعتبار سے اس میں کون پیغمبر نہیں ہیں ؟ ۔ اس سوال کے 4 جوابات جو فراہم کیے گئے تھے اس میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم ،آدم علیہ السلام ،موسی علیہ السلام اور جبرائیل علیہ السلام کے نام موجود تھے۔
اس سوال کا اتنا آسان جواب بھی عاصم دے نہیں پائے اور انہوں نے امیتابھ بچن سے درخواست کی کہ وہ اس سوال کو ہی بدل دیں۔ کون بنے گا کروڑ پتی میں اس واقعے کے بعد اس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی مقبولیت حاصل کر رہا ہے جس پر مسلمانوں نے اپنی غم و غصے کا اظہار بھی کیا ہے ۔اس سوال کا جواب دینا صرف عاصم کی ہی ناکامی نہیں ہے بلکہ ان تمام عاصم کی طرح ہزاروں مسلمانوں کی ناکامی ہے جن کے نزدیک دنیا کی اعلیٰ تعلیم آئی پی ایس آئی ایس اور اس طرح کے عہدوں پر فائز ہونا ہی کامیابی ہے اور بنیادی تعلیم کےلئے شہر کے کسی بڑے اور نامور اسکول یا کانوینٹ اسکول میں داخلہ حاصل کرنا فخر محسوس کیا جاتاہے ۔
یہ تو سب پر عیاں ہے کہ کہ اسلامی تعلیمات کے لئے محلے کی ہر مسجد میں صباحی مدرسہ جو کہ اکثر فجر یا عصر کی نماز کے بعد اپنی خدمات انجام دیتا ہے اور جہاں محلے کی مسجد کے امام یا مؤذن بچوں کو اسلام کی بنیادی تعلیمات فراہم کرتے ہیں۔ اگرہم اپنے بچوں کی اسلامی تعلیم کے لیے اتنا تھوڑا وقت بھی نہیں دیں گے تو پھر عاصم جیسے ہزاروں نوجوان آنے والے دنوں میں منظرعام پر آئیں گے جو دنیاوی تعلیم کو ہی اصل کامیابی سمجھ بیٹھیں گے ۔کون بنے گا کروڑ پتی کا یہ ایک ویڈیو مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگانے کے لیے کافی ہے اور انہیں اپنے بچوں کی فکر کرنے کےلئے لائحہ عمل بنانے پر غور کرواسکتا ہے ۔
آج مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد اسلامی کے بنیادی معلومات سے ہی بے بہرہ ہیں اگر انہیں یہ ہی نہیں معلوم کے اللہ، اس کے رسول اور فرشتوں کا کیا مقام ہے ؟کس کا کیا نام ہے اور کس میں کیا فرق ہے تو پھر کیسے وہ موجودہ حالات کا سامنا کریں گے جہاں آئے دن اسلام اور مسلمانوں پر ظاہری اور باطنی حملے کئے جا رہے ہیں اور ان حملوں کابنیادی مقصد مسلمانوں کے وجود اور ان کے ایمان کو مٹایا جا سکے۔
کون بنے گا کروڑ پتی کے اس ویڈیو سے سبق لیتے ہوئے ہمیں اپنے بچوں کی اسلامی تعلیمات کی سمت توجہ دینے کی سخت ضرورت ہے اور اپنے گھر میں موجود بچوں سے سب سے پہلے یہ سوال کیا جانا چاہئے مسلمان کسے کہتے ہیں ؟ اللہ کون ہے ؟اللہ کے رسول کا کیا مقام ہے؟ انسان کی پیدائش کا مقصد کیا ہے؟ قیامت کیا ہے ؟ سزا اور جزا کیا ہے ؟تقوی کیا ہے؟ والدین کا مرتبہ کیا ہے ؟نماز کے قائم کرنے کا حکم کیوں دیا گیا ہے؟ اس کے رسولوں کی تعلیمات کیا ہیں؟ اہل بیت سے محبت کیوں ضروری ہے ؟یہ وہ نکات ہیں جن کا نوجوان نسلوں کو سکھانا انتہائی ضروری ہے ورنہ ہمارے گھر میں بھی عاصم جیسے نوجوان چلتے پھرتے نظر آئیں گے۔