نئی دہلی: گزشتہ اسمبلی انتخابات میں دہلی کی چاندنی چوک سے عام آدمی پارٹی کے ٹکٹ پر اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والی الکا لامبا نے عام آدمی پارٹی چھوڑنے کے ایک ماہ بعد،ہفتہ کو کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیا ر کر لی۔دہلی کانگریس کے انچارج پی سی چاکو کی موجودگی میں الکا لامبا نے پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔
کانگریس پارٹی کی طلباء یونین کی تنظیم (این ایس یو آئی) سے اپنا سیاسی سفر شروع کرنے والی لامبا 2015میں عام آدمی پارٹی میں شامل ہوئیں تھیں اور چاندنی چوک سے رکن اسمبلی منتخب ہو ئیں تھیں۔وہ عام آدمی میں شامل ہونے سے قبل 20سال تک کانگریس میں خدمات انجام دی تھیں۔انہوں نے6ستمبر 2019 کوعام آدمی پارٹی چھوڑ دیا تھا۔
بعد ازاں انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ”میں کانگریس رکن بننے پر فخر محسوس کر رہی ہوں“۔واضح ہو کہ گزشتہ ماہ الکا لامبا نے کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کر کے پارٹی میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔اور ہفتہ کو انہوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
کانگریس میں شامل ہونے کے بعد الکا لامبا نے دہلی میں خواتین کے تحفظ کو لے کر عام آدمی پارٹی اور بی جے پی پر تنقید کی،انہوں نے کہا کہ،عام آدمی پارٹی اور بی جے پی دونوں مل کر ایک دوسرے کو بچا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چھا سال بعد بھی دہلی بے حال ہے“۔