نئی دہلی: دہلی کیپٹلز کے خلاف انڈین پریمیر لیگ کے دوسرے کوالیفائر میں سن رائزرس حیدر آباد کی جانب سے 16 گیندوں میں33 رنز بنانے والے عبدالصمد کی بیٹنگ کی سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان اورہربھجن سنگھ نے تعریف کرتے ہوئے عبدالصمد کو مستقبل کا بڑا کھلاڑی قرار دیا ہے ۔
میچ کے بعد عرفان پٹھان نے ٹویٹ کرکے صمد کو مبارکباد دی ہے ۔عرفان نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ یقینا حیدرآباد کی ٹیم کو میچ جیتنا چاہئے تھا لیکن مجھے عبد الصمد پر فخر ہے ۔ انہوں نے خود کو ثابت کیا ہے ۔ہربھجن سنگھ نے بھی عبدالصمد کے بارے میں ٹویٹ کیا ۔بھجی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ عبد الصمد مستقبل میں ایک بہت بڑا کھلاڑی بننے جارہے ہیں ، انہوں نے کچھ زبردست شاٹس کھیلے ، انریچ نورٹجے کے خلاف جو پل شاٹ کھیلا وہ حیرت انگیز تھا۔
واضح رہے کہ عبدالصمد جموں و کشمیر سے آئی پی ایل میں کھیلنے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں ۔ عبدالصمد سے قبل کشمیر سے پرویز رسول اور راسخ سلام وہ کھلاڑی رہ چکے ہیں جنھیں آئی پی ایل کھیلنے کا موقع ملا۔ دہلی کے خلاف میچ میں انریچ نورٹجے کی بولنگ پر عبدالصمد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور2 چھکے لگائے ۔ اس آئی پی ایل میں کشمیر کے اس بیٹسمین نے بمراہ ، کمنس اور ربادا جیسے بولروں کے خلاف چھکے لگانے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔
دہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور تین وکٹ پر189 رنزبنائے تھے ۔ جواب میں سن رائزرز آٹھ وکٹوں پر صرف172 رن بناسکے ۔ ولیمسن نے عمدہ67 رنزبنائے۔ ولیمسن نے اپنی اننگز میں5 چوکے اور4 چھکے لگائے ، ولیمسن کے علاوہ جموں وکشمیر کے عبد الصمد کی طوفانی اننگز نے کرکٹ کے لیجنڈز کے دل جیت لیئے ۔ عبدالصمد نے اپنی اننگز میں2 چوکوں اور2 چھکوںکی مدد سے16 گیندوں پر 33 رنز بنائے ۔