حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے عثمانیہ اسپتال کے ڈاکٹرس نے ”عثمانیہ بچاو۔نئی عمارت تعمیرکرو“کے نام سے احتجاج کیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹرس جے اے سی کے لیڈر رمیش نے کہا کہ اسپتال کی نئی عمارت کی تعمیر میں رکاوٹ پیداکرنا نامناسب ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں پر علاج کے لئے آنے والے افراد اور ان کی تیمارداری کرنے والوں کی زندگیاں اہم ہیں۔
رمیش نے کہاکہ 2015میں وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے اس اسپتال کامعائنہ کیا تھا اور حکام کو ہدایت دی تھی کہ وہ نئی عمارت اس اسپتال کے لئے تعمیر کرے تاہم بعض افرادنے اس میں رکاوٹ پیدا کی جنہوں نے عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے اس پر حکم التوا حاصل کرلیا۔انہوں نے انتباہ دیا کہ وہ اس مرتبہ نئی عمارت کی تعمیر میں رکاوٹ میں کسی کے بھی رخنہ کو برداشت نہیں کریں گے۔