Sunday, May 11, 2025
Homeتازہ ترین خبریںعلامہ اقبال کا نعرہ آدمیت احترام آدمی

علامہ اقبال کا نعرہ آدمیت احترام آدمی

سری وینکٹیشورا یونیورسٹی میں سیمنار سے دانشوروں کا خطاب
- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ شاعر مشرق علامہ اقبال کا نعرہ ” آدمیت احترام آدمی “ ہے ۔ آج کے گلوبل ولیج کے اس پُرآشوب دور میں اقبال کا کلام عزت نفس سے زندگی بسر کرنے کی تعلیم دیتا ہے ۔ان کا کلام فرد سازی، قوم سازی اور انسان سازی کا محور ہے ۔ اقبال مغرب کی ذہنی غلامی سے آزاد ہیں لیکن وہ مشرق میں بھی اسیر نہیں۔ ان خیالات کا اظہارکینڈا کے مشہور ادیب وشاعر ڈاکٹر تقی عابدی نے آندھراپردیش کی سری وینکٹیشورا یونیورسٹی تروپتی (ایس وی یونیورسٹی )کے شعبہ اردو کی جانب سے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے تعاون سے ”اقبال کے کلام کی عصری معنو یت“ کے موضوع پرمنعقدہ سمینار سے کیا۔ اس سمینار کے ڈائرکٹر پروفیسر سید ستار ساحر صدرشعبہ اردو رہے ۔

سمینار کے افتتاحی اجلاس سے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے ڈاکٹر تقی عابدی نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کے مذہبی، سیاسی، سماجی اور اخلا قی افکار ہمارے لئے معنویت رکھتے ہیں۔علامہ اقبال کو کسی نے اسلامی شاعر، کسی نے ملّی شاعر کسی نے قومی شاعر، کسی نے فلسفی شاعر کہا ہے یہ سب جزوی طور پرصحیح ہیں لیکن اقبال ان سب کا مجموعہ آفا قی شاعر ہیں جس کو آفاق کی اشرف المخلوقات انسان سے سرورکا رہے ۔

یونیورسٹی کے سینیٹ ہال میں افتتاحی اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا جس میں قومی اور بین الاقوامی جامعات کے اسکالر اور پروفیسر ز نے شرکت کی۔ اس افتتاحی اجلاس میں پانچ کتابوں1 ۔ مجلّہ نوائے اقبال، مرتبہ پروفیسر ستار ساحر ،2۔ادبیات ویلور۔ڈاکٹر راحی فدائی،3۔ اردو ادب میں قومی یکجہتی کے عناصر۔ ڈاکٹر سید منیر محی الدین،4 ۔ رائلسیما کے منتخب شعرا۔ڈاکٹر سید سلطان معین الدین حبشی،.5 نقد ساحر ۔ پروفیسر ستار ساحر ۔کی رسم رونمائی انجام پائی۔