مسقط ۔سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم طارق نے ملک کے پرچم، لوگو اور قومی ترانے میں تبدیلی کا فرمان جاری کیا ہے۔عمانی خبررساں ادارے کے مطابق قومی ترانے کے آخری اشعار حذف کردیے گئے۔ ان میں ملک کے سابق فرمانروا سلطان قابوس بن سعید کا نام شامل تھا۔سلطان قابوس بن سعید 10جنوری 2020 کو 79سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
عمانی ٹی وی کے مطابق سلطانی فرمان کے تحت ترانے، لوگو اور قومی پرچم میں کی جانے والی تبدیلیوں سے عوام کو آگاہ کردیا گیا ہے۔پہلے ترانے میں سلطان قابوس کو ملک کی تعمیر و ترقی کی کلید کے طور پر پیش کیا جارہا تھا جبکہ نئے ترانے میں دعائیہ کلمات شامل کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ عرب دنیا میں طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والے سلطنت عمان کے سربراہ سلطان قابوس بن سعید 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ۔وہ 18 نومبر 1940 کو صلالہ میں پیدا ہوئے تھے اور عرب دنیا اور مشرق وسطیٰ میں سب سے طویل عرصے تک برسرِ اقتدار رہنے والے سربراہ تھے۔سلطان قابوس بن سعید غیر شادی شدہ تھے اور ان کا کوئی بھائی بھی نہیں ہے۔
سلطنت عمان کا سربراہ بننے سے قبل ہیثم بن طارق السعید قومی ورثہ اور ثقافت کے وزیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالے ہوئے تھے۔وہ آکسفورڈ یونیورسٹی سے غیر ملکی سروس پروگرام کی تعلیم حاصل کرکے 1979 میں فارغ التحصیل ہوئے۔
ہیثم بن طارق السعید نے اکثر بیرون ملک عمان کی نمائندگی کرتے ہوئے اہم سفارتی کردار ادا کیا ہے۔واضح رہے کہ عمان کے آئین کے مطابق شاہی خاندان کو تخت خالی ہونے کے تین دن کے اندر سلطنت کے جانشین کا تعین کرنا ہوتا ہے۔