الامارت (عمان) ۔ شکیب الحسن کی آل راؤنڈ کارکردگی ، محمد نعیم کی نصف سنچری اور مستفیض الرحمن کی شاندار بولنگ کی کوشش نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کے 6 ویں میچ میں بنگلہ دیش کو عمان کے خلاف 26 رنز کی جامع فتح سے ہمکنار کیا۔ یہاں الامیرات کرکٹ گراؤنڈ میں منعقدہ مقابلے میں بنگلہ دیش کےلئے کامیابی اشد ضروری تھی ۔ اس جیت کے ساتھ بنگلہ دیش نے سوپر 12 میں جگہ کے لیے اپنی امیدوں کو زندہ رکھا ہے۔
وہ اپنے اگلے میچ میں پاپوا نیو گنی کا سامنا کریں گے۔ محمد نعیم (50 میں گیندوں میں 64رنز) اور شکیب الحسن (29 گیندوں پر 42) کی شانداربیٹنگ کی بدولت بنگلہ دیش نے 20 اوورز میں 153 رنز بنائے۔ نشانے کے تعاقب میں عمان نے دوسرے اوور میں عاقب الیاس کی وکٹ گنوا دی۔ تاہم جتیندر سنگھ اور کشیپ پرجاپتی نے فیلڈنگ کی پابندیوں کا بھرپور استعمال کیا اور اسکور بورڈ کو حرکت میں رکھا۔ پرجاپتی دو ڈراپ کیچز سے بچ گئے جن میں مستفیض الرحمن اور محمود اللہ غلطی پر تھے لیکن پاور پلے کے آخری اوور پر واپس آنے والے مستفیض نے پرجاپتی کو 21 رنز پر آؤٹ کیا۔ دوسری طرف ، جتیندر نے پہلے چھ اوورز کے بعد بھی حملہ جاری رکھا ، شکیب کو لگاتار گیندوں پر ایک چھکا اور ایک چوکا مارا۔اس موقع پر عمان 70/2 پرتھا اور اسے 10 اوورز میں 84 کی ضرورت تھی لیکن وقفے وقفے سے وکٹوں کے زوال کے بعد ان کا تعاقب کی رفتار پٹڑی سے اتر گئی جب دو اوورس میں دو وکٹیں گریں۔
مہدی حسن نے جتیندر سنگھ اور ذیشان مقصود کے درمیان 34 رنز کی پارٹنر شپ توڑی ۔ اگلے ہی اوور میں بنگلہ دیش کی راہ بدل دی جب اچھی طرح سے جم چکے جتندر نے لٹن داس کو ڈیپ اسکوائر لیگ پر کیچ دیا ۔ رن ریٹ 10 سے زائد ہوگیا اور عمان بڑھتے ہوئے دباؤ سےپریشان ہوا اور اگلے دو اوورز میں تین وکٹیں گنوا بیٹھا ، سندیپ گوڈ ، ایان خان اور نسیم خوشی کے ساتھ سبھی ایک ہندسے کے اسکور پرآوٹ ہوئے۔ بولنگ میں واپسی کرنے والے مستفیض نے مزید دو وکٹیں حاصل کیں اور بالآخر 4/36 کے اعداد و شمار کے ساتھ ان کا کوٹہ ختم ہوا۔ عمان نے 20 اوورز میں بیٹنگ کی لیکن کامیابی سے 26 رنز سے دور رہا ۔
قبل ازیں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی شروعات خراب رہی کیونکہ انہوں نے لٹن داس (6) اور مہدی حسن (0) کی وکٹیں سستی میں کھو دیں۔ جبکہ داس کو تیسرے اوور میں بلال خان نے آؤٹ کیا ، فیاض بٹ نے 5 ویں اوور میں حسن کوآوٹ کیا اور موقع پر بنگلہ دیش 29/2 تک محدود ہو گیا۔ پاور پلے میں دو وکٹوں کے جلد زوال نے محمد نعیم اور شکیب الحسن کو بیٹ کے ساتھ محتاط انداز اختیار کرنے پر مجبور کیا۔ عمان نے ڈیتھ اوورز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 33 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں اور بنگلہ دیش کو 20 اوورز میں 153 رنز تک محدود رکھا ۔عمان کےلئے فیاض بٹ اور بلال خان فی کس تین وکٹیں لے کر کامیاب رہے جبکہ کلیم اللہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔