Sunday, June 8, 2025
Homesliderعمان کے خلاف ہندوستان پہلی کامیابی کےلئے کوشاں

عمان کے خلاف ہندوستان پہلی کامیابی کےلئے کوشاں

- Advertisement -
- Advertisement -

دبئی : کپتان سنیل چھتری ٹیم میں موجود نہیں ہے لیکن اس کے باوجود ہندوستانی فٹبال ٹیم کل یہاں کورونا بحران کے بعد ایک سال کے عرصہ میں پہلا بین الاقوامی مقابلہ کھیلے گی اور اسے عمان کے خلاف دلیرانہ مظاہرہ کرنا ہوگا ۔ چھتری جوکہ دو بین الاقوامی دوستانہ مقابلوں کے لئے دستیاب نہیں ہیں جبکہ ہفتہ کو ہندوستان کا مقابلہ متحدہ عرب امارات سے ہوگا ۔ چھتری کورونا سے صحتیاب ہورہے ہیں ، اس کے باوجود ہندوستانی ٹیم کی اوسط عمر 24 برس ہے اور یہ ٹیم نومبر 2019 ءکے بعد پہلا بین الاقوامی مقابلہ کھیل رہی ہے ۔

 ہندوستانی ٹیم  کے کوچ آئیگور اسٹیماک نے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کے لئے سنہری موقع ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر آزادانہ اور بے خوف فٹبال صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔ عمان کے خلاف کھےلے جانے والے اس مقابلے کے ضمن میں  انھوں نے کہا ہے کہ نوجوان ہندوستانی ٹیم  کو بے خوف ہوکر میدان میں اُترنا ہوگا ۔ کوچ کے بموجب کھلاڑیوں کی تبدیلی کا مرحلہ چل رہاہے اور ہم اس مرحلہ کو بے خوف کھیل کے ساتھ لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں ۔ موجودہ کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ بین الاقوامی گول بنانے والوں کی فہرست میں دوسرے مقام پر موجود چھتری کی عدم موجودگی ہندوستان کے لئے ایک بڑا نقصان ضرور ہے لیکن اس کے باوجود ہندوستانی ٹیم نے ایشین چمپئن قطر کے خلاف دوحہ میں منعقدہ مقابلے کو ڈرا کیا تھا ۔

 چھتری کی عدم موجودگی کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کوچ نے کہاکہ ٹیم میں چھتری کا موجود نہ ہونا بڑا نقصان ضرور ہے لیکن گول کیپر اور سینئر کھلاڑی گرپریت سنگھ سندھو نے کئی مواقع پر ٹیم کی قیادت کی ہے اور نوجوان کھلاڑیحوں کو اپنی صلاحیتوں کامظاہرہ کرنے کا بہترین موقع ہے ۔ عمان نے گزشتہ مقابلے میں اُردن کے خلاف بغیر گول کا مقابلہ کھیلا تھا ۔ کل کھیلے جانے والے مقابلے میں تاریخ عمان کے حق میں جیسا کہ اُس نے گزشتہ ایک دہے کے دوران ہندوستان کے خلاف کھیلے گئے چھ مقابلوں میں  پانچ فتوحات حاصل کی جبکہ ایک مقابلہ ڈرا رہا ۔ ہندوستانی ٹیم 2022 ءورلڈ کپ میں رسائی کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہوچکی ہے لیکن 2023ءایشیاءکپ میں اس کی رسائی کے ہنوز امکانات باقی ہیں ۔