نئی دہلی ۔ ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کے چیف منسٹراور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروندکیجریول نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان ہندوستان میں فسادات کروانا چاہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں نریندر مودی کی مدد کررہے ہیں۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں اروند کیجریوال نے کہا کہ پاکستان اور عمران خان ہندوستان میں فسادات پھیلانا چاہتے ہیں، اسی لئے پاکستان، دوبارہ وزیراعظم بننے میں مودی کی مدد کررہا ہے۔ کیجریول کے بموجب جو کام پاکستان 70 سال میں نہیں کرسکا وہ ان کے دوست مودی نے 5 سال میں کردیا۔اروند کیجریوال نے یہ ٹوئٹ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹوئٹ کے جواب میں کیا تھا۔
قبل ازیں بی جے پی صدر نے ٹوئٹ میںکہا تھا کہ وہ ملک سے بدھوں، ہندووں اور سکھوں کے علاوہ ہندوستان میں داخل ہونے والے ہر فرد کو نکال دیں گے۔ یہ ٹوئٹ آسام ریاست میں نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز (این آر سی) کے متنازعہ عمل سے متعلق کیا تھا۔
اروند کیجریوال نے مذکورہ بیان انتخابات سے متعلق وزیراعظم پاکستان کے بیان پر دیا تھا۔ 10 اپریل کو وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر ہندوستان میں بی جے پی کی حکومت دوبارہ آئی تو مسئلہ کشمیر سے متعلق پیش رفت کا امکان ہے۔ عمران خان نے کہ تھا کہ اگر ہندوستان میں اگلی حکومت کانگریس جماعت کی آئی تو وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے خطرناک ہوسکتی ہے۔
بعدازاں ہندوستان میں انتخابات سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ہندوستان میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے نریندر مودی اور ان کی جماعت بی جے پی پر سخت تنقید کی گئی۔
کانگریس، عام آدمی پارٹی ( اے اے پی)،کشمیری سیاستدانوں عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کی جانب سے بی جے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ وزیراعظم پاکستان کے بیان پر کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجیوالا نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان سرکاری طور مودی کا اتحادی بن گیا ہے! مودی کے لئے ووٹ پاکستان کے لئے ووٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی، پہلے نواز شریف اب عمران خان آپ کے دوست ہیں، راز کھل گیا ہے۔