Monday, April 21, 2025
Homesliderعنبر پیٹ قبرستان مسئلہ ،جی ایچ ایم سی کی جانب سے 6...

عنبر پیٹ قبرستان مسئلہ ،جی ایچ ایم سی کی جانب سے 6 ایکڑ اراضی کی نشاندہی

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔شہر کے عنبرپیٹ اسمبلی حلقہ میں اقلیتی برادریوں جیسے مسلمانوں اور عیسائیوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد ہے۔ کاچی گوڑا، نالہ کنٹہ، گول ناکہ، عنبرپیٹ اور باغ عنبرپیٹ ڈویژن عنبرپیٹ کے حصے میں آتے ہیں اور تقریباً تین لاکھ لوگ ان علاقوں میں رہتے ہیں۔ عنبرپیٹ، گول ناکہ اور کاچی گوڈا ڈویژن میں بنیادی طور پر مسلمان اور عیسائی رہتے ہیں۔ عنبرپیٹ میں نمبر 6 سرکل سے سری رامنا تھیٹر تک سڑک کے دونوں طرف مسلمانوں کے قبرستان  ہیں تاہم موجودہ قبرستان کافی نہیں ہے۔ وہ حکومت اور جی ایچ ایم سی سے ان کے قبرستان کے لیے اضافی اراضی مختص کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

 فی الحال عیسائی رام کوٹھی کے قبرستان کا استعمال کر رہے ہیں اور یہ پرہجوم علاقہ ہونے  کی وجہ سے مسئلہ بن گیا ہے۔ انہوں نے جی ایچ ایم سی سے قبرستان کے لیے زمین مختص کرنے کی بھی اپیل کی۔ چونکہ دونوں برادریوں کے قائدین برسوں سے اراضی مختص کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں اس لیے ریونیو حکام نے ایک سروے کیا اور پتہ چلا کہ حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ( ایچ ایم ڈبلو ایس ایس بی ) کے پاس خالی زمین دستیاب ہے جو اقلیتوں کے لیے موزوں ہوگی۔ قبرستان ایچ ایم ڈبلو ایس ایس بی اراضی کے علاوہ، اس علاقے میں کوئی خالی سرکاری زمین دستیاب نہیں ہے۔

یہاں یہ بھی حقیقت ہے کہ   1926 میں، نظام کے دور میں، اپل میں موسی  ندی کے کنارے واٹر بورڈ کو 46 ایکڑ اراضی مختص کی گئی تھی تاکہ لوگوں کو پینے کے پانی کی فراہمی اور دیگر متعلقہ کاموں کی تعمیر شروع کی جا سکے۔ اس وقت یہاں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس، واٹر ورکس گراؤنڈ، اور ایچ ایم ڈبلو ایس ایس بی کے دفاتر واقع ہیں۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے اقلیتوں کو مختص کرنے کے لیے ایچ ایم ڈبلیو ایس ایس بی میں چھ ایکڑ اراضی کی نشاندہی کی۔ تاہم واٹر بورڈ حکام نے  کہا ہے کہ کسی اور جگہ پر کوئی اور زمین بورڈ کو متبادل کے طور پر مختص کی جائے۔ جی ایچ ایم سی کے ایک عہدیدار نے کہا جی ایچ ایم سی کے لیے شہر کی حدود کے اندر دوسرے علاقوں میں اسی طرح کی زمین کے دوسرے ٹکڑے کی نشاندہی کرنا مشکل ہو گا تاکہ اسے ایچ ایم ڈبلیو ایس ایس بی کو مختص کیا جا سکے۔

کچھ سال پہلے، ایچ ایم ڈبلیو ایس ایس بی نے جی ایچ ایم سی کو اپنی پانچ ایکڑ اراضی کو کچرا ڈالنے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دی۔ واٹر بورڈ کی 45 ایکڑ اراضی میں سے جی ایچ ایم سی کا کچرا یارڈ پانچ ایکڑ پر ہے اور قبرستانوں کے لیے چھ ایکڑ زمین (مسلمانوں کے لیے پانچ ایکڑ اور عیسائیوں کے لیے ایک ایکڑ) ہے۔ عنبرپیٹ کے ایم ایل اے کالیرو وینکٹیش نے کہا کہ وہ جی ایچ ایم سی، ایچ ایم ڈبلیو ایس ایس بی کے عہدیداروں اور کلکٹر کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس  طلب کیا جائے گی اور اقلیتوں کے لئے مختص اراضی کا مسئلہ حل کیا جائے گا۔