دوحہ: قطر کی قومی فضائی کمپنی قطر ایرویز نے تصدیق کی ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے خلاف سرگرم طبی ٹیموں کے لیے اعلان کردہ ایک لاکھ مفت فضائی ٹکٹس میں اسرائیل کے طبی عہدیدار بھی شامل ہیں۔ کمپنی کے مطابق اس اقدام کا مقصد کوویڈ-19 کی متعدی بیماری سے متاثرہ افراد کی دیکھ بھال اور نگہداشت کے واسطے ان افراد کے کام پر شکریہ ادا کرنا ہے۔ یہ بات اسرائیلی اخبار ہآرٹز نے امریکی نیوز چینل سی این این کے حوالے سے بتائی۔
اس تحفے (مفت فضائی ٹکٹس) کو دلیرو ! آپ لوگوں کا شکریہ کا عنوان دیا گیا ہے۔ مفت ٹکٹوں کی تقسیم 12 مئی سے شروع ہوئی ہے اور یہ سلسلہ 18 مئی تک جاری رہے گا۔ قطر ایرویز کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق دنیا کے تمام ممالک کے طبی نگہداشت کے ماہرین اس تحفے (مفت ٹکٹس حاصل کرنے) کے اہل ہیں۔
امریکی چینل سی این این کے ساتھ انٹرویو میں قطر ایرویز کے چیف ایگزیکٹو اکبر الباکر سے پوچھا گیا کہ آیا یہ اسکیم ان ممالک پر بھی لاگو ہو گی جن کو قطر ممکنہ طور پر دشمن شمار کرتا ہے۔ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ طبی شعبوں میں کسی قسم کی تفریق یا رکاوٹ نہیں پائی جاتی۔ اس بیان کے مطابق صحت کے سیکٹر میں کام کرنے والے اسرائیلی کارکنان بھی دنیا کے کے دیگر ممالک کی طبی ٹیموں کی طرح اسرائیل کی آبادی کی بنیاد پر مفت فضائی ٹکٹس کے حصول کے لیے درخواست پیش کر سکیں گے۔