ممبئی۔ کروڑہا دلوں کی آج بھی دھڑکن مانی جانے والی بالی ووڈ سوپر اسٹار مادھوری ڈکشت کرن جوہر اور امریکی کمپنی کے اشتراک سے بننے والی ڈیجیٹل سیریز میں جلوہ گر ہوں گی۔مادھوری ڈکشت کا شمار فلم انڈسٹری کی صف اول کی ادکاراوں میں ہوتا ہے۔
مادھوری ڈکشت کرن جوہر کی پروڈکشن میں بننے والی ڈیجیٹل سیریز میں کام کریں گی۔ جسے نیٹ فلیکس پر دیکھا جا سکے گا۔سیریز کے حوالے سے مادھوری نے کہا ہے کہ وہ کئی دہوں سے فلموں میں اداکاری کررہی ہیں اور کیمرے کا سامنا کرنے کے لیے وہ ہمیشہ ہی پرجوش رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی سیریز میں کام کرنے کا یہ میرا پہلا تجربہ ہے، اس لیے میں تھوڑی سی نروس بھی ہوں اور پرجوش بھی۔
مادھوری نے یہ بھی کہا ہے کہ سیریز اور فلم کی کہانی میں اداکاروں کو فرق رکھ کر کام کرنا پڑتا ہے۔ کیوں کہ فلمی کہانی کو ضرورت کے مطابق فوری بدلاجاسکتا ہے لیکن سیریز میں فوری طور پر ایسا کرنا ممکن نہیں ہوتا۔
سیریز فیملی سسپنس ڈرامے پر مبنی ہے جسے نیو یارک کے مصنف اور ڈائریکٹر سری راو نے لکھا ہے۔ سری راو کے نام پر امریکی ٹیلی ویژن کے کئی ڈرامے ہیں۔ جن میں واٹ گوز آن، نائٹ شفٹ، دی بلیک ویڈو اور بالی ووڈ فلم بار بار دیکھو شامل ہیں۔
شوبز میگزین ورائٹی کے مطابق سیریز انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے جڑی اہم شخصیات کے گرد گھومتی ہے۔مادھوری ڈکشت نے 80 کی دہے میں فلموں میں کام کا آغاز کیا۔ 1988 میں ان کی پہلی فلم تیزاب ریلیز ہوئی تھی جو میگا ہٹ ثابت ہوئی۔
اس کے بعد 1994 میں فلم ہم آپ کے ہیں کون ؟ نے انڈسٹری میں ہلچل مچا دی تھی ۔ ان کی فلم دل تو پاگل ہے 1997 میں ریلیز ہوئی جب کہ 2002 میں دیوداس نمائش کے لیے پیش کی گئی۔ یہ دونوں فلمیں مادھوری کی کامیاب ترین فلموں میں شمار ہوتی ہیں۔ فلم انڈسٹری میں ایک عام رائے یہ ہے کہ بالی ووڈ میں شادی کے بعد ہیرویئنز کو نہ صرف کام ملنا بند ہو جاتا ہے بلکہ ان کی فیس ویلیو بھی کم ہو جاتی ہے لیکن فلم پنڈتوں کے مطابق مادھوری ڈکشت کی اہمیت ہمیشہ برقرار رہی ہے۔