Saturday, April 20, 2024
Homesliderمال گاڑی ویٹنگ ہال میں گھس گئی ، دو ہلاک ، متعدد...

مال گاڑی ویٹنگ ہال میں گھس گئی ، دو ہلاک ، متعدد زخمی

- Advertisement -
- Advertisement -

بھونیشور۔ اڈیشہ جاج پورضلع میں پیر کوایک خالی مال گاڑی کے ویٹنگ ہال میں گھسنے سے کم از کم دو افراد ہلاک اور متعدد دیگر کے پھنس جانے کا خدشہ ہے۔ایسٹ کوسٹ ریلوے (ای سی او آر) کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ کھوردھا روڈ ریلوے ڈویژن کے تحت بھدرک-کپلاس روڈ ریلوے سیکشن پر کورئی اسٹیشن پر صبح 6.44 بجے مال گاڑی کی آٹھ ویگنیں پٹری سے اتر گئیں۔ ٹرین ڈونگوپوسی سے چھتر پور کی طرف جارہی تھی۔

عہدیدار نے بتایا کہ پٹڑی سے اترنے کی وجہ سے خالی ویگنیں فٹ اوور برج، اسٹیشن کی عمارت اور اسٹیشن پر موجود دیگر انفراسٹرکچر سے ٹکرا گئیں۔ریلوے حکام نے دو ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جب کہ خدشہ ظاہرکیا جارہا ہے کہ مزید کئی افراد تباہ شدہ ویگنوں اور ملبے تلے دبے ہوسکتے ہیں۔

ای سی او آر کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر (سی پی آر او) بسواجیت ساہو نے کہا کہ اصل ہلاکتوں کا اعداد و شمار ریسکیو آپریشن کی تکمیل کے بعد معلوم ہوگا۔حادثے سے متعلق امدادی ٹرین اور میڈیکل ٹیم کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے کا حکم دیا گیا ہے۔ساہو نے کہا کہ مقامی انتظامیہ اور فائر سروس کی ٹیموں کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حادثے کی وجہ سے دونوں لائنوں کو بندکردیا گیا ہے اور کئی ٹرینوں کو جزوی طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے یا راستہ موڑ دیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ راستوں  پر کئی اہم اسٹیشنوں پر ہیلپ ڈیسک کھولے گئے ہیں۔ای سی او آر نے کورائی اسٹیشن (8455887864، 8455887862)، بھونیشور (0674-2534027) اور خردا روڈ (0674-2492245) پر ہنگامی مدد کے نمبر فراہم کردئے گئے  ہیں۔ٹرین حادثے میں مسافروں کی موت پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر نوین پٹنائک نے سوگوار خاندانوں سے اپنی گہری ہمدردی کا اظہارکیا اور ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے کی ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔