Wednesday, April 23, 2025
Homesliderمتنازعہ فاسٹ بولر سری سنت کی ٹیم میں واپسی

متنازعہ فاسٹ بولر سری سنت کی ٹیم میں واپسی

- Advertisement -
- Advertisement -

تھرواننت پورم۔آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ میں پابندی کا سامنا کرنے والے فاسٹ بولر شانت کمارن سری سنت کوکیرلا کرکٹ ایسوسی ایشن (کے سی اے ) نے آئندہ سیزن میں اپنی رانجی اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،بشرطیکہ وہ اپنی فٹنس ثابت کردیں۔بی سی سی آئی کے ذریعہ سری سنت پر تاحیات پابندی عائد کردی گئی تھی جب ان کا نام آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ میں سامنے آیا تھا۔ تاہم بعد میں اس پابندی کو کم کرکے سات سال کردیا گیا ، جو اس سال ستمبر میں ختم ہوگی۔

پابندی کا باضابطہ خاتمہ ہونے پر سری سنت کو ممکنہ کیمپ میں بلایا جاسکتا ہے جہاں انہیں بنیادی طور پر فٹنس ٹسٹ پاس کرنا ہوگا۔ کورونا کے پیش نظر ڈومیسٹک کرکٹ کے آغاز کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں ہے ۔ تاہم کے سی اے نے ممکنہ کھلاڑیوںکی ایک فہرست تیارکی ہے تاکہ جامع منصوبے کے مطابق اجلاس کی تیاریوں کا انعقاد کیا جاسکے ۔کے سی اے نے37 سالہ سری سنت کی واپسی کے امکانات پرخوشی کا اظہار کیا ہے ۔ سری سنت نے اپنا آخری فرسٹ کلاس میچ 2013 میں ایرانی کپ میں کھیلا تھا ۔

 فاسٹ بولر نے پہلے بھی کہا تھا کہ ان کی اعلی سطح پرکرکٹ کھیلنے کی خواہش ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ یاد رہیکہ یہ2013 کا آئی پی ایل سیزن تھا جب فکسنگ میں ملوث ہونے کے الزامات کی بنا پرسری سنت کو راجستھان رائلز کے دوکھلاڑیوں کے ساتھ دہلی پولیس نے گرفتارکیا تھا۔ یہ دودیگر کھلاڑی اجیت چنڈیلا اورانکت چوہان تھے ۔ اس کے بعد بی سی سی آئی نے سری سنت پر تاحیات پابندی عائد کردی تھی لیکن2015 میں خصوصی عدالت نے انہیں تمام الزامات سے بری کردیا تھا۔

اسی دوران سال2018 میںکیرلا ہائی کورٹ نے بھی بی سی سی آئی کے ذریعہ سری سنت پر لگائی گئی تاحیات پابندی کوکالعدم قرار دے دیا تھا لیکن سپریم کورٹ نے سال 2019 میں سری سنت پر پابندی کو برقرار رکھتے ہوئے بی سی سی آئی سے اس پابندی کی سزا کوکم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے بعد بی سی سی آئی نے ان کی تاحیات پابندی کو سات سال میں تبدیل کردیا۔

اب جب سری سنت پر پابندی کی مدت اسی سال ختم ہوچکی ہے توکیرلا نے انہیں رانجی ٹیم میں شامل کیا لیکن یہ بھی واضح کردیا کہ ان کے کھیلنا یا نہ کھیلنا پوری طرح ان کی فٹنس پر منحصر ہوگا۔ سری سنت نے کہا کہ میں دوبارہ موقع فراہم کرنے پر کے سی اے کا شکرگزار ہوں۔ میں اپنی فٹنس ثابت کروں گا اور کھیل میں کامیابی سے واپس آؤں گا۔ اب وقت آگیا ہے کہ تمام تنازعات کو بالائے طاق رکھا جائے ۔ کے سی اے سکریٹری نے یہ بھی کہا کہ سری سنت ٹیم کے لئے اثاثہ ثابت ہوں گے ۔ سری سنت نے27 ٹسٹ میچوں میں87 اور ونڈے میچوں میں75 وکٹیں حاصل کی ہیں لیکن اب جب کہ انہیں ٹیم میں جگہ مل گئی ہے کئی سوالات سری سنت کا پیچھا کرتے رہیں گے ۔