لکھنو ۔ دنیا میں سب سے زیادہ بے لوث محبت کرنے والی اگر کوئی شخصیت ہوتی ہے تو وہ ماں ہے لیکن ایک دل دہلادینے واقعہ میں بیٹی نے ماں کا ہی قتل کردیا ہے ۔ماں کو قتل کرنے کا وجہ بھی کافی افسوس ناک ہے کیونکہ ماں اپنی بیٹی کے فون پر اپنے بوائے فرینڈ سے بات کرنے سے منع کررہی تھی۔
اترپردیش کے بھدوئی ضلع میں ایک خاتون کے قتل کا سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے ۔ خاتون کا قتل اس کی بیٹی نے ہی گلا دبا کر کیا تھا ۔ ملزم بیٹی اپنے عاشق سے فون پر بات کرنے سے ماں کے منع کئے جانے سے کافی ناراض تھی ۔ یہ واقعہ ضلع کے اونج تھانہ حلقہ میں پیش آیا ۔ 26 جون کو مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ سنسان علاقہ میں ایک خاتون کی لاش پڑی ہے ۔ جائے واقعہ پر پہنچ کر پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ سے پولیس کو پتہ چلا کہ خاتون کا گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے ، جس کے بعد پولیس نے اس معاملہ کی از سر نو تحقیقات شروع کی ۔ مقامی افراد اور مقتولہ خاتون کے اہل خانہ سے پوچھ گچھ کے دوران پولیس کو مقتولہ کی بیٹی منجو پر شک ہوا ، جس کے بعد پولیس نے بیٹی پر اپنی توجہ مرکوز کردی ۔
سبھی ثبوت جمع کرنے کے بعد جب پولیس نے مقتولہ کی بیٹی کو گرفتار کرکے اس سے پوچھ گچھ کی تو بیٹی نے اقبال جرم کرلیا اور پھر اس نے قتل کی جو وجہ بتائی ، وہ جان کر سبھی حیران رہ گئے ۔ ملزم بیٹی اپنے عاشق سے فون پر بات کرتی تھی ، جس کی اس کی ماں مخالفت کررہی تھی ۔اس کے بعد 26 جون کو دونوں گھر سے بھیٹی بازار جانے کیلئے نکلے تھے ۔ راستے میں دونوں کا جھگڑا ہوگیا اور سنسان علاقہ میں ملزم بیٹی نے اپنی ماں کا گلا دبا کر اس کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور واپس اپنے گھر آگئی ۔ پولیس کے مطابق بیٹی نے تقریبا 20 منٹ تک اپنی ماں کا گلا دبایا ۔ ماں کی موت ہوجانے کے بعد کسی کو شک نہ ہو ، اس لئے بیٹی اپنے گھر واپس آگئی ۔