حیدرآباد۔ حیدرآبادی فاسٹ بولر محمد سراج جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میچ میں ہندوستان کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا جس پر ان کی سابق کرکٹرس کی جانب سے کافی ستائش کی جارہی ہے ۔اس میچ میں انہوں نے 8 وکٹ لئے ۔گذشتہ روز میزبان ٹیم کی دوسری اننگز میں چاروکٹ حاصل کرتے ہوئے محمد سراج نے اس ٹیم کی کمرتوڑدی۔
سابق پاکستانی کھلاڑیوں رمیض راجہ اور انضمام الحق سمیت دیگر نے سراج کے مظاہرہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بولنگ میں روزبروزنکھارآرہا ہے اور ان میں خود اعتمادی آرہی ہے ۔وہ ہندوستانی ٹیم کی بولنگ کا اہم حصہ بن گئے ہیں۔رمیض راجہ نے کہا محمد سراج اورکپتان وراٹ کوہلی کا بہتر تال میل دیکھنے میں آرہا ہے جو ٹیم کے لئے کافی سود مند ثابت ہورہا ہے ۔کوہلی کو جب بھی وکٹ کی ضرورت پڑتی ہے وہ سراج کی طرف دیکھتے ہیں اور سراج انہیں مایوس نہیں کرتے ہیں۔اس سیریز کے دوران دیکھاگیا کہ سراج جب بھی وکٹ لیتے ہیں وہ اپنی خوشی کا مظاہرہ کرنے کے دوران اپنی انگلی منہ پر رکھ رہے ہیں۔
اس سلسلہ میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہاکہ وہ اس کے ذریعہ اپنے نقادوں کو خاموش کرنا چاہتے ہیں اسی لئے انہوں نے یہ طریقہ اختیارکیا ہے ۔وہ زبان سے کچھ نہیں کہیں گے بلکہ اپنی کارکردگی کے ذریعہ سب کو خاموش کریں گے ۔محمد سراج آئی پی ایل میں بنگلوروسے کھیلتے ہیں اورہندوستانی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کے موقع پر بھی سراج کا کافی بہتر مظاہرہ رہا تھا۔ان کے آسٹریلیا کے دورہ کے دوران ان کے والد کا انتقال ہوگیا تھا۔اس کے باوجود انہوں نے ہندوستانی ٹیم کے لئے کھیل جاری رکھا۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈری بیٹسمین سچن تنڈولکر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی لارڈز ٹسٹ میں ہونیوالی کامیابی کی دنیائے کرکٹ میں ستائش کی قیادت کررہے ہیں۔ سچن نے دوسرے ٹسٹ میں ہندوستان کی کامیابی کو ایک شاندار کامیابی قرار دیا اور کہاکہ اس کامیابی میں ہندوستان کے شاندار بولنگ شعبے نے کلیدی رول ادا کیا۔ سچن نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹسٹ کرکٹ ہے اور میں نے ہر لمحے سے لطف اُٹھایا ہے۔ انھوں نے ٹیم کی کامیابی پر کھلاڑیوں کو مبارکباد بھی دی۔
بی سی سی آئی کے صدرسوروگنگولی نے بھی ہندوستانی ٹیم کی کامیابی پر کھلاڑیوں کی ستائش کی۔ انھوں نے کہا کہ یہ ہندوستان کی ایک شاندار کامیابی ہے۔ ٹیم کے سابق ٹسٹ بیٹسمین وی وی ایس لکشمن نے لارڈز ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم کی کامیابی کو سنسنی خیز کامیابی قراردیا۔ علاوہ ازیں خود انگلش ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے کہا کہ ہندوستان نے آج بتایا کہ وہ انگلینڈ سے بہتر ہے اور یہی ٹسٹ کرکٹ کی خوبصورتی ہے۔ شین وارن نے بھی ہندوستان کی اس کامیابی کو ایک شاندار کامیابی قرار دیا۔