Saturday, June 7, 2025
Homeٹرینڈنگمدینہ میں 70 دن میں موبائل دواخانہ تیار کرنے کا اعلان

مدینہ میں 70 دن میں موبائل دواخانہ تیار کرنے کا اعلان

- Advertisement -
- Advertisement -

مدینہ ۔ مدینہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے 70 دن میں موبائل دواخانہ تیار کیا  جائے گا- ایکوا پاور اور ثبات کمپنی نے کورونا دواخانہ قائم کرنے کے لیے معاہدے پر دستخط کردیے۔تفصیلات کے مطابق دواخانہ سو بستروں پر مشتمل ہوگا- 13 اپریل سے 70 دن کے اندر تیار کرلیا جائے گا۔ مدینہ گورنریٹ نے دواخانہ کے لیےاراضی مختص کردی ہے ۔مدینہ میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا دواخانہ نئے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے تمام طبی سہولیات اور جدید ترین مشینوں سے آراستہ ہوگا۔

دواخانہ کا ڈیزائن بہترین ہوگا۔ ضرورت پڑنے پر دواخانہ کے یونٹ مملکت کے مختلف علاقوں میں پہنچ کر وہاں موجود کورونا کے مریضوں کا علاج کرسکیں گے۔کورونا کی وبا ختم ہوجانے پر دواخانہ وزارت صحت کی تحویل میں آجائے گا اور اس کی حیثیت سرکاری دواخانہ کی ہوگی۔دواخانہ کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جس کی سرپرستی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کی۔  وزیر صحت توفیق الربیعہ تقریب میں شریک ہوئے۔

دریں اثنا سعودی عرب میں نئے کورونا وائرس سے شفا یاب افراد کی تعداد 805 میں پہنچ چکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر صحت توفیق الربیعہ سے جب یہ دریافت کیا گیا کہ کیا سعودی دواخانوں میں نئے کورونا وائرس سے متاثرین کا علاج ہورہا ہے یا اس کی علامتوں کو قابو میں کیا جارہا ہے۔وزیر صحت نے کہا کہ اب تک دنیا کے کسی بھی ملک میں نئے کورونا وائرس کی نہ تو ویکسین تیار ہوئی ہے اور نہ ہی علاج دریافت ہوا ہے ۔

وزیر صحت نے یہ بھی کہا کہ پوری دنیا میں کورونا وائرس کا علاج تلاش کیا جارہا ہے۔ سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس کی ویکسین اور علاج پر تحقیق جاری ہے۔الربیعہ نے مزید کہا کہ اگر کورونا کا علاج دریافت  ہوگیایا اس کی ویکسین کا فارمولا تیار کرلیا گیا تب بھی اس کے تجربے میں کئی مہینے لگیں گے- مملکت میں کورونا وائرس کا علاج نہیں کیا جارہا ہے البتہ متاثرین کی قوت مزاحمت مضبوط بنانے کے لیے علاج کا ایک فارمولا تیارکیا گیا ہے تاکہ متاثرین وائرس سے جلد از جلد شفا یاب ہوسکیں۔