مکہ مکرمہ۔ مسجد الحرام کی انتظامیہ نے زائرین کو آمد و رفت میں سہولت فراہم کرنے اور مطلوبہ مقام تک پہنچنے میں رہنمائی کے لیے 514 بورڈ نصب کیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق حرم شریف میں داخل ہونے کے بعد زائرین بعض اوقات وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ وہ کس سمت سے داخل ہوئے تھے اور کس دروازے سے انہیں باہر جانا ہے۔
ایسے مسائل کو حل کرنے کے لیے مسجد الحرام کی انتظامیہ نے رہنما بورڈز نصب کردئے ہیں۔تنصیب کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔ صفا اور مروہ سے متعلق رہنما بورڈ تیار کرلیے گئے ہیں اور جلد ہی انہیں نصب کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ مسجد الحرام کی انتظامیہ نے حرم شریف کی عمارت کے لحاظ سے رہنما بورڈ کے رنگ ، حجم اور شکل و صورت ڈیزائن کرائے ہیں۔اس بات کا خیال رکھا گیا ہے کہ زائرین رہنما بورڈز اور ان کے رنگ دیکھ کر ہی اپنی منزل سے آگاہ ہوجائیں۔ بورڈز عربی اور انگریزی دو زبانو ںمیں تحریر ہیں۔علاوہ ازیں رہنما بورڈز کے لیے صفا اور مروہ دونوں کے درمیان کا علاقہ، مسجد الحرام کی تیسری سعودی توسیع والے حصے ، مطاف اور طہارت خانوں کا انتخاب کیا گیاہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کی انتظامیہ نے مسجد کے دروازوں کی روشن اور واضح رنگوں سے نئی نمبرنگ کی ہے۔ یہ فیصلہ بھی زائرین کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے۔مسجد الحرام کی انتظامیہ نے کنگ فہد والے توسیعی حصے کے گیٹ 79سے روشن اور و اضح رنگوں سے نمبرنگ کا تجربہ شروع کیا ہے۔ اس تجربے کا کاجائزہ لیا جارہا ہے۔ کامیابی کی صورت میں مسجد الحرام کے تمام دروازوں کی روشن رنگوں سے نمبرنگ کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔
روشن اور واضح رنگوں سے حرم شریف کے دروازوں کی نمبرنگ عربی اور انگریزی دونوں زبانوں میں کی گئی ہے۔ حرم شریف کے دروازوں کی قدیم نمبرنگ زائرین کو واضح نظر نہیں آتی تھی۔ نئی نمبرنگ واضح ہے۔نمبر دائیں سے بائیں کی جانب تحریر کیے جا رہے ہیں۔ اسے رات اور دن دونوں وقت میں آسانی سے پڑھا جاسکے گا۔ زائرین کافی فاصلے سے کسی بھی دروازے کا نمبر آسانی سے دیکھ سکیں گے۔