Friday, April 19, 2024
Homeبین الاقوامیمسجد النور کو چند طلبہ نے تعمیر کیا تھا

مسجد النور کو چند طلبہ نے تعمیر کیا تھا

- Advertisement -
- Advertisement -

کرائسٹ چرچ  ۔ 17مارچ۔  جُمعہ کے دن  نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گردوں کے وحشیانہ حملے میں درجنوں نمازیوں کی شہادت کے واقعہ نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ دوسری جانب دہشت گردی کا شکار ہونے والی مساجد کی تفصیلات جانے میں عوام کی دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے۔نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والی  مسجد النور  کے بارے میں اہم معلومات سامنے آئی ہیں۔ اس مسجد میں جمعہ کے وقت دہشت گردوں نے نماز میں مصروف مسلمانوں پر اندھا دھند گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں درجنوںنمازی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مسجد النور اس شہر میں مسلمانوں کا ایک بڑا مرکز ہے۔ نیوزی لینڈ کے مشرق میں‌ یہ پہلی مسجد ہے جس میں باقاعدگی کے ساتھ آذان ہوتی اور نمازیں ادا کی جاتی ہیں۔

 1977ء میں اس علاقے میں چند مسلمان طلباء مقیم تھے جن میں ہندوستان، پاکستان، سعودی عرب اور دوسرے ملکوں کے طلباء شامل تھے۔ انہوں نے مل کر ایک مسجد کے لیے جگہ خریدی اور 1980ء کےاوائل میں مسجد تعمیر ہو گئی۔

مسجد میں 100 سے زاید نمازیوں کی گنجائش ہے۔ مسجد سے منسلک ایک لائبریری ہے جس میں اسلامی تعلیمات پر مبنی کتب، مہمان خانہ، باورچی خانہ، بچوں کی تعلیم کے لیے ایک ہال اور ایک چھوٹا دست کاری مرکز بھی مسجد کا حصہ ہے۔

مسجد کے باہر ایک بڑا صحن ہے اور اس کے پہلو میں کار پارکنگ اور متعدد مکانات ہیں۔ مسجد النور میں نماز ادا کرنے کے لیے ملک کے طول وعرض سے مسلمان  آتے ہیں۔ اس مسجد کو نیوزی لینڈ میں مسلمانوں کا اہم سیاحتی مقام بھی سمجھا جاتا رہا ہے لیکن اب کے بعد یہ مسجد دہشت گردی اور نمازیوں کے قتل عام کے حوالے سے جانی جائے گی۔ یہاں پر جمعہ کی نماز کی ادائی کے وقت خطبہ جمعہ کے متعدد زبانوں میں تراجم کیے جاتے ہیں۔

جغرافیائی محل وقوع کے اعتبارسے مسجد النور کرائسٹ چرچ شہر کے جنوب میں ایک جزیرے میں واقع ہے۔ یہاں پر رات بسر کرنے والے زائرین کو مفت قیام کی سہولت فراہم کی جاتی ہے اور رہائش کے عوض کسی قسم کا مالی معاوضہ نہیں لیا جاتا۔ زائرین کو کپڑے دھونے کی مفت سہولت حاصل ہے۔ یہاں قیام کرنے والا کوئی بھی شخص جب تک چاہے رہ سکتا ہے۔ مسجد کے تمام اخراجات نیوزی لینڈ میں موجود مسلمان کمیونٹی کے تعاون سے پورے کیے جاتے ہیں۔