ریاض ۔ حرمین شریفین سمیت سعودی عرب کے مختلف شہروں میں جمعرات کو بارش کے لیے نمازِ استسقاءپڑھی گئی۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق بارش کے لیے ادا کی جانے والی نماز کا سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام میں ہوا جہاں کعبتہ اللہ کے پہلو میں امام وخطیب شیخ ڈاکٹر بندر بلیلہ نے امامت کئی اور بعد ازاں خطبہ دیا۔
گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل اور گورنریٹ کے اعلی عہدیدار نمازیوں میں پیش پیش رہے۔ یاد رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب میں آباد تمام لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ جمعرات کو بارش کے لیے خصوصی نماز ادا کریں۔
بارش کے لئے خصوصی نمازکا دوسرا بڑا اجتماع مسجد نبوی شریف میں ہوا جہاں شیخ احمد بن طالب بن حمید نے امامت کئی اور خطبہ دیا۔ نائب گورنر مدینہ منورہ شہزادہ سعود بن خالد الفیصل سمیت گورنریٹ کے عہدیدار موجود تھے۔
شاہ سلمان کی ہدایت پر نمازِ استسقاءریاض، جازان، عرعر، جدہ، دمام اور الخبر کے علاوہ تمام شہروں میں بھی ادا کی گئی۔ واضح رہے کہ اسلام نے اپنے پیروکاروں کو ہدایت دی ہے کہ جب وہ خشک سالی میں مبتلا ہوں تو نمازِ استسقاءیعنی بارش کے لئے خصوصی نماز ادا کریں۔