مدینہ: مدینہ منورہ گورنریٹ نے اعلان کیا ہے کہ اتوار31 مئی سے شاہی منظوری پر مسجد نبویﷺ نمازیوں کے لیے کھول دی جائے گی۔مسجد الحرام و مسجد نبویﷺ امور کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلی ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے بیان میں کہا کہ مسجد نبویﷺ اتوار31 مئی سے حفاظتی تدابیر کے ساتھ مرحلہ وار کھول دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق جنرل پریذیڈنسی کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور نمازیوں کو اس سے بچانے کے لیے ٹھوس حفاظتی اقدامات کیے ہوئے ہے۔نمازیوں پر پابندی ہے کہ وہ ایک دوسرے سے فاصلے پر کھڑے ہوں۔ روزانہ کی بنیاد پر مسجد نبویﷺ کو مختلف اوقات میں سینیٹائز کیا جارہا ہے۔
مسجد نبویﷺ آنے والے کارکنان اور مختلف اداروں کے اہلکاروں کا روزانہ کورونا ٹسٹ لیا جارہا ہے۔مسجد الحرام و مسجد نبوی ﷺامور کی جنرل پریذیڈنسی مسجد نبوی آنے والوں کا درجہ حرارت چیک کرنے کے لیے تھرمل کیمرے نصب کیے ہوئے ہے۔یہ چوبیس گھنٹے خود کار نظام کے تحت ہر آنے والے کا درجہ حرارت معلوم کرتے ہیں۔ وزارت صحت کے ماہر تھرمل کیمروں کی نگرانی کررہے ہیں۔ کیمرے مسجد الحرام کے متعدد دروازوں پر نصب ہیں۔
یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے اتوار 31 مئی سے سعودی عرب میں جاری کرفیو میں نرمی کے اعلان کے ساتھ یہ بھی کہا تھا کہ تمام مساجد جمعہ اور فرض نمازیں جماعت کے ساتھ ادا کرنے کے لیے کھول دی جائیں گی تاہم مکہ مکرمہ کی مساجد اس سے مسثنی ہوں گی۔مساجد میں حفاظتی تدابیر کی پابندی لازمی ہوگی۔ مسجد الحرام میں جمعہ اور باجماعت نمازیں احتیاطی تدابیر کے ساتھ جاری رہیں گی۔