قاہرہ: مصر کی وزارت سیاحت نے کہا کہ حفظان صحت سے متعلق سرٹیفکیٹ ملنے کے بعد ملک میں 266 ہوٹلوں اور ریزورٹس دوبارہ کھل گئے ہیں۔ حفظان صحت سے متعلق سرٹیفکیٹ کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے ایک نئی ضرورت ہے۔
مصری اخبار الااھرام آن لائن کے بموجب ہوٹلوں نے عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائن کے مطابق وزارت کی طرف سے مقرر کردہ نئے ضوابط کو پورا کرنے کے بعد سرٹیفکیٹ حاصل کیا ہے۔ نئے قواعد و ضوابط میں سینیٹائزنگ اور ہوٹل کی بکنگ میں 50 فیصد تک کمی لانا لازمی ہے۔یاد رہے کہ مصری حکومت نے یکم جولائی سے تمام ایرپورٹس کو باقاعدہ بین الاقوامی پروازوں کے لیے کھولنے کا اعلان کیا ہے جبکہ ملک میں سیاحت کو محدود رکھا جائے گا۔غیر ملکی سیاحوں کو صرف جنوبی سینا ، بحیرہ احمرگورنریٹ اور ساوتھ مارسا میں داخلے کی اجازت ہوگی۔