حیدرآباد ۔23 مارچ ۔عید کے موقع پر ہم سبھی کی خواہش ہوتی ہے کہ ہم کسی تفریحی مقام پر یاد گار وقت گذاریں یا پھر اپنے عزیز و اقارب کے پاس ملنے جائیں تاکہ عید کی خوشیوں کو دوبالا کیا جاسکے ، اس مرتبہ عید کو آپ حیدرآباد کی تاریخی عمارت معظم جاہی مارکیٹ کو ایک نئی شکل اور انداز میں دیکھ پائیں گے اور ممکن ہے کہ عید کے موقع پر معظم جاہی مارکٹ پر عوام کا ہجوم رہے کیونکہ معظم جاہی مارکیٹ کو ماضی کی طرح سجائے جانے کی کوشش میں تعمیراتی کام ہو رہے ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ اس کی عظمت رفتہ بحال کردی جائے گی ۔
حیدرآباد میں کئی ایسی عمارتیں ہیں جو کہ اپنی تاریخ ،تہذیب اور ورثہ کے لئے جانی جاتی ہیں لیکن آج ان عمارتوں کی طرف رخ کرنے والے سیاحوں کی تعداد گھٹتی جا رہی ہے جس میں مقامی اور بیرونی دونوں طرح کے سیاح موجود ہیں ۔ ایک وقت تھا جب لوگ تاریخی عمارتوں اور ٹینک بنڈ پر وقت گزاری کے لیے اسے اپنی پہلی ترجیحات میں شامل کرتے تھے لیکن آج عوام کا مزاج بدل چکا ہے جس کی وجہ سے مال اور سینما گھروں میں ہجوم دکھائی دیتا ہے ۔ معظم جاہی مارکٹ کو ماضی کی طرح تیار کرنے اور اس کی عظمت رفتہ بحالی کے لئے تزئین نو اور تعمیراتی کام جاری ہیں۔
مونسپل ایڈمنسٹریشن اینڈ اربن ڈولپمنٹ کے پرنسپل اروند کمار نے کہا ہے کہ تعمیراتی کام جو ابتدا میں امید کی جا رہی تھی کہ کم وقت میں مکمل ہو جائیں گے لیکن ایک مرتبہ جب معظم جاہی مارکیٹ کے چھت کی تزئین نو کا کام شروع ہوا تو اندازہ ہوا کہ مسلسل نظر انداز کردیے جانے کی وجہ سے نہ صرف اس کا چھت بوسیدہ ہو چکا ہے بلکہ اس میں استعمال کی جانے والی فولادی سلاخیں بھی زنگ آلودہ ہو چکی ہیں لہذا انہیں صاف کرتے ہوئے مضبوط بنانے کا کام امید کے برعکس زیادہ وقت لے رہا ہے ،کیونکہ اس کی تعمیر میں سمنٹ استعمال نہیں کی گئی تھی بلکہ گچی کا استعمال ہوا تھا سیمنٹ کے برعکس گچی کا استعمال مہنگا سودا ثابت ہو رہا ہے لیکن ایک مرتبہ اس کی تعمیر مکمل ہو جائے تو پھر یہ تاریخی عمارت معظم جاہی مارکیٹ چند صدیوں تک بہتر حالت میں رہے گی ۔
معظم جاہی مارکیٹ کی تعمیراتی کاموں کا تجزیہ کیا جائے تو اندازہ ہوتا ہے کہ اسے یورپی طرز پر فروغ دیا جا رہا ہے جس طرح یورپی ممالک میں ہیریٹیج عمارتوں کی دوبارہ بحالی اور انہیں عوامی تفریحی مقامات پر تبدیل کرنے کا جو طریقہ کار استعمال کیا گیا ہے وہی طرز پر معظم جاری مارکیٹ کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔ معظم جاہی مارکیٹ کی تزئین نو کا مکمل ہونے کے بعد اسے دوبارہ ریاست تلنگانہ کی یوم تاسیس 2 جون کی مناسبت سے عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔ معظم جاہی مارکیٹ کو عوام جب نئے انداز میں دیکھیں گے تو یہاں ا نہیں اپنے افراد خاندان اور دوست احباب کے ساتھ محفوظ مقام پر بیٹھنے کا موقع دستیاب ہوگا اور ساتھ ہی کھانے پینے کی چیزیں بھی دستیاب ہوگی ۔ متعلقہ عہدیدارامید کر رہے ہیں کہ معظم جاہی مارکیٹ کی تزئین نوکے تجربے نے ان کے حوصلے بلند کئے ہیں لہذا اب وہ شہر حیدرآباد میں موجود دیگر ہیریٹیج عمارتیں جنھیں حالیہ برسوں میں نظراندازکردیا گیا ہے وہ انہیں دوبارہ اپنی حالت میں لانے کے لئے کوشش کر رہے ہیں تاکہ حیدرآباد میں موجود بیشتر ہیریٹیج عمارتوں کی عظمت رفتہ بحالی کی جاسکے۔