برمنگھم ۔ انگلش کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر معین علی نے کل ہندوستان کے خلاف کھیلے جانے والے اہم مقابلے میں سب سے قیمتی وکٹ ویراٹ کوہلی پر نظریں مرکوز کرلی ہیں۔ کوہلی جنہوں نے افغانستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ابتدائی وکٹوں کے نقصان کے بعد ٹیم کو سہارا دینے والی ذمہ دارانہ نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔
معین علی جو کہ کوہلی کی زیرقیادت رائل چیلنجرس بنگلور کی نمائندگی کرچکے ہیں، انہوں نے اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ ویراٹ کوہلی یہاں ہندوستان کیلئے رنز بنانے آئے ہیں اور میں انگلش ٹیم میں کچھ رنز اسکور کرنے کے علاوہ کوہلی کو آؤٹ کرنے موجود ہوں۔ معین علی نے مزید کہا کہ وہ کوہلی کی وکٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ اچھے دوست بھی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک دوسرے کو انڈر19 کے دور سے جانتے ہیں لیکن رائل چیلنجرس بنگلور کے لئے کچھ چند برسوں میں کھیلنے کے دوران میں اور کوہلی کافی اچھے دوست بن چکے ہیں۔ انگلینڈ جوکہ آسٹریلیا اور سری لنکا کے خلاف یکے بعد دیگرے ناکامیوں سے پریشان ہے اور اسے ہندوستان کے خلاف مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کرنی ہوگی۔ ٹیم کیلئے موجود مشکل ترین حالات کے ضمن میں معین علی نے لکھا کہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف آخری مرحلے کے مقابلے ہمارے لئے ڈرنے کا سامان نہیں بلکہ موقع ہے کہ ہم اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرتے ہوئے خطاب کی دعویداری کو مزید مضبوط کریں۔
انگلینڈ حالانکہ میزبان ٹیم ہے، لیکن معین علی کا ماننا ہے کہ برمنگھم میں دباؤ ہندوستانی ٹیم پر ہوگا۔ انگلینڈ جس نے آخری مرتبہ یہاں کھیلی گئی باہمی سیریز میں ہندوستان کو 2-1 سے شکست دی ہے، جس میں اس نے کلدیپ یادو اور یوزویندر چہل کے خلاف متاثرکن مظاہرہ کیا تھا، اس ضمن میں معین علی نے کہا کہ چہل اور کلدیپ کی جوڑی ہندوستان کی اسپن شعبہ کی طاقت ہے، لیکن گزشتہ برس ہم ان کے خلاف بہتر مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہوئے تھے اور اسی مثبت ذہن کے ساتھ ہم ان کے خلاف کھیلیں گے اور ان کی بولنگ کے خلاف معیار کے مطابق مظاہرہ کریں گے۔